عمران خان کی جیل بھرو تحریک، کارکنان سے بڑی اپیل کر دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جیل بھرو تحریک کیلئے رضاکاروں سے رجسٹریشن کرانے کی اپیل کی ہے کہ جیل بھرو تحریک کیلئے رضاکار اپنے نام لکھوائیں،پھر رضاکار اپنے اپنے شہروں میں جیل بھرو تحریک کا آغاز کریں گے۔ جیل بھرو تحریک کا آغاز کرنے کی باقاعدہ تاریخ دوں گا۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں آج اپنی ساری قوم کو سمجھانا چاہتا ہوں کہ کیوں ہم آج اس جگہ پہنچے کہ ہمیں جیل بھرو تحریک شروع کرنا پڑے،دنیا میں قومیں قانون کے تحت چلتی ہیں، آئین فیصلہ کرتا ہے کون سی چیز قانون میں جائزناجائز ہے۔جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے آئین قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، حالات یہ ہیں کہ پولیس بھی عدالتوں کی بات نہیں سنتی ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن سے بھاگ رہی تھی لیکن عدالتوں نے انہیں حکم دیاکہ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کی فوری تاریخ دیں۔ اسمبلیاں تحلیل کئے مہینہ ہونے کو ہے لیکن الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔اسی طرح قانون ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کرتا ہے ان پر تشدد کیا گیا، ایسا تشدد کہ ان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہوا، اعظم سواتی، شیخ رشید، فواد چودھری کے معاملے میں بھی عدالت کی بات نہیں سنی گئی۔ 25مئی کو پرامن احتجاج کیا لیکن تشدد کیا گیا، ہمارے دور میں تین تین دھرنے دیئے لانگ مارچ کئے ہم نے کسی پر تشدد نہیں کیا۔ ہمارا آئین قانون پر اعتماد اٹھتا جارہا ہے، جمہوریت کے اندر واضح ہے 90 روز میں الیکشن کرائے جائیں، ہم نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں اپنی دو اسمبلیاں تحلیل کیں، کیونکہ ہمیں پتا تھا کہ الیکشن 90 روز سے آگے نہیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہوئے 25 روز گزر گئے لیکن ابھی تک گورنرز نے تاریخ نہیں دی، آئین میں واضح ہے کہ نوے روز میں الیکشن کرانا آئین میں واضح ہے، انتخابات 90 روز کے آگے گئے تو جیل بھروتحریک کا آغاز کریں گے، انتخابات 90 روز سے آگے گئے تو آرٹیکل 6 لگے گا۔ پانامہ میں انکشاف ہوتا ہے کہ لندن کے مہنگے ترین علاقے میں چار اپارٹمنٹس کی اصل مالکہ مریم نواز تھیں، پھر ٹرائل ہوتا ہے اور سزا ہوتی ہے لیکن ان پر جیل میں کوئی تشدد نہیں ہوا، جیل میں رائلٹی کی طرح رکھا گیا، یہاں ٹویٹس پر تشدد کیا گیا، دو راستے ہیں ایک راستہ توڑ پھوڑکریں انتشار پھیلے گا، سڑکیں بند کریں ، پتھراوٴ کریں پہیہ جام ہڑتال کریں ، ملک کے پہلے ہی حالات خراب ہیں،پاکستان کی تاریخ میں معیشت یہاں نہیں پہنچی جہاں انہوں نے پہنچا دی۔کبھی اتنا بڑا معاشی بحران نہیں آیا جو آج پاکستان میں ہے، عام لوگوں کی زندگی میں کبھی اس طرح کی مہنگائی نہیں آئی جو آج آئی ہے۔بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے۔ ہم 26 سال کی سیاسی جدوجہد میں کبھی انتشار کی سیاست نہیں کی، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جیل بھرو تحریک کیلئے رضاکاروں سے رجسٹریشن کرانے کی اپیل کی ہے کہ جیل بھرو تحریک کیلئے رضاکار اپنے نام لکھوائیں،پھر رضاکار اپنے اپنے شہروں میں جیل بھرو تحریک کا آغاز کریں گے۔ جیل بھرو تحریک کا آغاز کرنے کی باقاعدہ تاریخ دوں گا ،جیل بھرو تحریک حقیقی آزادی دے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں