شیخ رشید سے بار بار کیا پوچھا جارہا ہے؟ خود ہی بتا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھ سے پوچھا جا رہا کہ عمران خان نے کیا انفارمیشن شیئر کی، عمران خان کو نااہل کرنے یا جیل بھیجنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے، عمران خان نے بتایا ان کے پاس ثبوت ہیں زرداری مارنا چاہتا ہے۔

سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے کہا الیکشن مہم کیلئے نکلو، عمران خان کو نااہل کرنے یا جیل بھیجنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھ سے پوچھا جا رہا کہ عمران خان نے کیا انفارمیشن شیئر کی، عمران خان نے کہا ان کے پاس ثبوت ہیں زرداری مارنا چاہتا ہے، میں نے کہا عمران خان کے پاس آصف زرداری کیخلاف ثبوت ہیں، میرے پاس تمام ویڈیوز موجود ہیں، رات کو کچھ اسلام آباد پولیس اور بغیر وردی کے لوگ آئے۔یاد رہے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے شیخ رشید کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے پراسیکیوٹر کی 8 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کر دی۔ خیال رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو اسلام آباد پولیس نے جمعرات کی صبح سرگی کے وقت گرفتار کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک رہنما راجہ عنایت خان نے درخواست دائر کی تھی کہ شیخ رشید نے ایک سازش کے تحت سابق صدر آصف علی زرداری پر الزام لگایا تھا۔انہوں نے اپنے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں آصف زرداری پر تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو قتل کرانے کی سازش کا الزام لگایا تھا۔ راجہ عنایت خان کا کہنا ہے کہ اس الزام کی وجہ سے سابق صدر اور ان کے خاندان کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ انہوں نے اپنی شکایت میں کہا تھا کہ شیخ رشید اس من گھڑت اور بے بنیاد سازش کا ذکر کرکے پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی میں تصادم کرانا چاہتے ہیں تاکہ ملک کا امن خراب ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close