کراچی میں پر اسرار اموات، ایک اور بچہ زندگی کی بازی ہار گیا

کراچی(آئی این پی)کراچی کے علی محمد گوٹھ میں پراسرار بیماری سے ایک اور بچہ انتقال کرگیا۔کراچی میں کیماڑی ٹاؤن کے علی محمد گوٹھ میں ایک اور بچہ پراسرار بیماری کی بھینٹ چڑھ گیا۔جاں بحق ہونے والے بچے کانام عبدالحلیم ولد عبدالوہاب اور اس کی عمر 3 سال تھی۔اہل علاقہ کے مطابق عبدالحلیم کے انتقال کے بعد اب تک 20 افراد اس پراسرار بیماری سے لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ سندھ حکومت نے 16 افراد کی تصدیق کی ہے۔

بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ عبدالحلیم چند روز سے بیمار تھا ، محکمہ صحت کے میڈیکل کیمپ میں بھی اس کا علاج ہوتا رہا، گزشتہ رات اچانک طبیعت خراب ہوئی اور انتقال کرگیا۔دوسری جانب علاقہ مکین نے شکوہ کیا ہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت ہے 24 گھنٹے میڈیکل کیمپ ، ڈاکٹروں کی ٹیم اور ایمبولینس موجود رہے گی،لیکن گزشتہ رات علاقے میں نا تو میڈیکل ٹیم موجود تھی اور نہ ہی کوئی ایمبولینس۔واضح رہے کہ ان ہلاکتوں کی وجوہات کا تعین اب تک نہیں کیا جاسکا،تاہم اس علاقے میں قائم چند فیکٹریوں کو سیل کیا گیا ہے۔سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے ماحولیاتی آلودگی سے کیماڑی میں اموات کا امکان رد کردیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اموات کی وجہ ماحولیاتی آلودگی یا زہریلی گیسیں نہیں تاہم یہ کسی متعدی بیماری یا زہریلے کھانے سے ہوسکتی ہیں۔سیپا کی رہورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماہرین صحت پرمشتمل انویسٹی گیشن ٹیم کے ذریعے تحقیقات کروا کر کر علی محمد گوٹھ میں ہونے والی اموات کی وجوہات کا تعین ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں