اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی ازادکشمیر کے سیکرٹری جنرل اور ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے صدر آصف علی زرداری پر جھوٹے اور من گھڑت الزام پر آزاد کشمیر بھر میں پیپلز پارٹی کے جیالوں نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے عمران خان کے خلاف قانونی کاروائی کا جو فیصلہ کیا ہے وہ درست اقدام ہے ہم کسی جھوٹے، سازشی اور فتنہ باز شخص کی اس طرح کی الزام تراشی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکٹرانک ،سوشل اور پرنٹ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان اب عدالت میں ثبوت پیش کریں یا اپنے جھوٹ پر صدر زرداری سے معافی مانگیں۔
عمران خان نے آج تک شہید بی بی کے قتل کی مذمت نہیں کی وہ آصف زرداری پر دہشتگرد تنظیم پر پیسہ لگانے کا الزام لگا رہا ہے جبکہ دہشتگرد تنظیموں کے اتحادی عمران خان خود ہیں، تاریخ گواہ ہے پیپلز پارٹی ہمیشہ دہشتگرد تنظیموں کے سامنے دیوار بن کر کھڑی رہی ہے، ہم اس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں جس کی قائد نے سرے عام دہشتگردوں کو چیلنج کیا۔
صدر زرداری نے شہید بی بی کے وعدے کے مطابق سوات میں پاکستان کا پرچم لہرایا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے الزامات اور جھوٹ کو ہر بار نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں