تین دن مسلسل بارشوں کی پیشنگوئی کر دی گئی

لاہور (پی این آئی) بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں ہفتہ تا پیر برفباری کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، مغربی ہواؤں کے زیر اثر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں ہفتہ تا پیر پہاڑوں پر برفباری کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گا، مغربی ہواؤں کے زیر اثر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے جبکہ برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے،ان ایام میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ہفتے کے روز ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو اتوار کو بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گی اور یہ صورتحال پیر تک برقرار رہ سکتی ہے۔

اس موسمی نظام کے زیر اثر مری، گلیات، کشمیر (وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور)، گلگت بلتستان (دیامیر)، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، شگر، چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، ایبٹ آباد میں 28 سے 30 جنوری تک جبکہ اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، گوجرانوالہ، گجرات میں ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، کرک، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بونیر، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 29 اور 30 ​​جنوری کہیں کہیں ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق کوئٹہ، ژوب، بارکھان، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، پنجگور، تربت، خضدار، قلات اور مکران کے ساحلی علاقوں میں 28 اور 29 جنوری کو ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اس دوران بھکر، لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، سکھر، بہاولپور، ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلیاں میں درمیانے درجے کی شدید برفباری سے 28 تاریخ سے سڑکیں بند ہو سکتی ہیں جبکہ اس دوران بالائی خیبر پختونخواہ، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔ سیاحوں اور مسافروں کو اس عرصہ کے دوران زیادہ محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان ایام میں الرٹ رہیں۔ بارشوں کے اس سلسلے کے حوالے سے موسمیاتی ماہرین کے مطابق یہ بارش بالخصوص پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بارانی علاقوں میں کھڑی فصلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close