لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پلان سی میں جو4 لوگ مجھے قتل کرانا چاہتے تھے ان میں آصف زرداری بھی تھا، آصف زرداری نے سندھ حکومت کا پیسا ایک دہشتگرد تنظیم کو دیا ہے، میرے خلاف سندھ حکومت کا لوٹا پیسا استعمال کیا جارہا ہے، عوام کو بتادیا کہ مجھے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے ویڈیولنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پتا تھا کہ حالات خراب ہوئے تو یہ سنبھال نہیں سکیں گے، پتا تھا سیاسی استحکام ہوگا تو معیشت چلے گی، کورونا کے وقت تیل کوئلہ کی قیمتیں یک دم اوپر چلی گئی تھیں، جب تیل اوپر جاتا ہے تو سب کچھ اوپر چلا جاتا ہے، تیل کوئلہ مہنگا ہوا ہے، ہمارے لئے بھی مشکل تھا کہ لوگوں کو مہنگائی سے بچائیں ، ہم بڑی مشکل سے توازن قائم رکھ رہے تھے، اسی لئے کہا تھا کہ سازش کو کامیاب ہونے دیا تومعیشت سنبھلنے گی نہیں، افسوس سے کہنا پڑتا ہے معیشت کے ماہرین کہتے ہیں کہ سارے خطرناک پاکستان کی تصویر بتا رہے ہیں، دو دنوں میں 33روپے ڈالر کے مقابلے میں ان کے9ماہ میں 84روپے گرے ہیں، ہمارے زرمبادلہ ذخائر خطرناک سطح پر پہنچ گئے ہیں، ہمارے آج 3.6ارب ڈالر پر ذخائر آگئے ہیں، ہندوستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 600ارب ڈالرسے زیادہ ہیں، جب تحریک عدم اعتماد آئی تھی تو16.4ارب ڈالر تھے۔جو کہ آج 3.6پر پہنچ گئے ہیں، اس کی وجہ سے روپے پر پریشر پڑا اور روپیہ گرنا شروع ہوگیا، اب روپیہ گررہا ہے، اسحاق ڈار لندن میں بڑے بیانات دیتا تھا، روپے کی قدر گرنے کے اثرات جن کے بینک میں پیسے پڑے ہیں وہ اب کم چیزیں خرید سکے گا۔
جن کے پیسے باہر پڑے ہیں، ان کی دولت میں اضافہ ہورہا ہے۔ کبھی کسی جماعت کو ووٹ نہ دو جس کی لیڈرشپ کے پیسے ملک سے باہر پڑے ہیں۔ملک پر مسلط زرداری اور شریف خاندان کو کوئی نقصان نہیں ہورہا،ان کے پیسے باہر پڑے ہیں، ان کا مقصد کیسز ختم کرنا تھا جو انہوں نے کرلئے ہیں۔ میں نے جب لندن میں اپنا فلیٹ بیچا تو اس وقت پاؤنڈ 90روپے کا تھا آج 300روپے کا پاؤنڈ ہے۔ پاکستان کے تنخوادار طبقات سے بات کررہا ہوں ،اب ڈالر مہنگا ہونے کے کیا اثرات ہوں گے؟ آج تیل عالمی مارکیٹ میں اوپر گیا ہے ابھی بھی 85ڈالر فی بیرل ہے، آج پیٹرول ڈیزل جب روپیہ گرے گا تو 50،50روپے فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل اوپر جائے گا۔روپیہ گرنے سے مہنگائی 35فیصد پر جائے گی، جب بجلی گیس کھانے پینے کی اشیاء کی مہنگائی 45سے 50مہنگائی ہوجائے گی۔ہمارے دور میں بجلی 16روپے فی یونٹ تھی آج 36روپے فی یونٹ پر پہنچ گئی ہے، اب بجلی کی قیمت میں 8روپے فی یونٹ مزید اضافہ ہوگا، سننے میں آرہا ہے کہ پچھلے جولائی سے گیس 74فیصد مہنگی ہوگی جو وصول کیا جائے گا،پاکستان میں پہلے ہی انڈسٹری بند ہورہی ہے مزید بے روزگاری ہوگی، پیاز آج 200روپے فی کلو اور مرغی کا گوشت بھی مہنگا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پلان سی میں جو چار لوگ مجھے قتل کرانا چاہتے تھے ان میں آصف زرداری بھی تھا، آصف زرداری نے سندھ حکومت کا پیسا ایک دہشتگرد تنظیم کو دیا ہے۔
میرے خلاف سندھ حکومت کا لوٹا پیسا استعمال کیا جارہا ہے، عوام کو بتادیا کہ مجھے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، اگر مجھے کچھ ہوا تو میں نے ان کے نام لکھے ہوئے ہیں تاکہ قوم کو پتا ہو کہ کون لوگ تھے، خوف ہے کہ اصل سازش کا پتا نہ چل جائے، ایک غلطی کو ٹھیک کرنے کیلئے مزید غلطیاں کی جارہی ہیں، ساری قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے، یہ فیصلہ کن وقت ہے، 8ماہ میں بڑے لوگ بے نقاب ہوئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں