صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی مائنس عمران فارمولے پر خاموشی توڑ دی

لاہور ( پی این آئی ) صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ مائنس عمران خان فارمولا کامیاب نہیں ہو سکتا،میرا اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں۔حکومت کو کئی مرتبہ اپوزیشن سے مذاکرات کی دعوت دی لیکن حکومت نے مذاکرات کی دعوت کا کوئی جواب نہیں دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت عارف علوی سے سینئر صحافیوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔

اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا کہ مائنس عمران خان فارمولا کامیاب نہیں ہو سکتا،عمران کی گرفتاری یا مائنس ون فارمولے پر سخت عوامی ردعمل سامنے آئے گا۔الیکشن کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھنا چاییے،حکومت کو کئی مرتبہ اپوزیشن سے مذاکرات کی دعوت دی مگر حکومت نے مذاکرات کی دعوت کا کوئی جواب نہیں دیا۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے مکمل خاموشی ہے،عمران خان مذاکرات سے انکاری نہیں لیکن حکومت کی طرف سے کوئی پیشرفت نہیں،یہاں تک کہا کہ فوری الیکشن میں سے فوری نکال کر ہی بات کر لیں۔عمران خان کو خدشہ ہے کہ حکومت الیکشن کرانے میں سنجیدہ نہیں،فواد چوہدری کیساتھ جو سلوک کیا گیا اس پر شرمندگی ہوئی،فواد چوہدری کے معاملے پر پارٹی نے مجھ سے بات نہیں کی۔ دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چند گھنٹوں میں چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے دوسری بار ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران عمران خان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز کی جانب سے انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی صدر مملکت عارف علوی اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بات چیت کی گئی تھی جبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر پنجاب سے ہونے والی ملاقات میں پنجاب اور خیبر پختوانخوا میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے حوالے سے گفتگو کی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close