عمران خان کو مائنس کرنے کا فارمولا، عمران خان کی گرفتاری کیلئے میٹنگ کا انکشاف

راولپنڈی ( پی این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کا ایک ہی گیم ہے عمران خان کو مائنس کیا جائے لیکن آنے والا الیکشن ون وے الیکشن ہے اور حکومت جو بھی قدم اٹھائے گی ان کے اپنے گلے میں پڑے گا، میں کل بھی عمران کے ساتھ تھا آج بھی ہوں اور رہوں گا۔

لال حویلی راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا کوئی وزیر اعظم پانچ سال پورے نہیں کرسکا ہے اور یہ 13 جماعتیں بھی الیکشن ڈری ہوئی ہیں اور عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے میٹنگ ہورہی ہے کیوں کہ حکومت کا ایک ہی گیم ہے عمران خان کو مائنس کیا جائے۔شیخ رشید نے کہا کہ عمران کو سمجھاؤں گا محسن نقوی ہمارے لیے نہیں نواز شریف کے لیے لایا گیا ہے، جس کا ایجنڈا عمران خان قبول نہیں لیکن عمران خان مزید مقبول ہوگا اور قبولیت کی طرف چلا جائے گا کیوں کہ آنے والا الیکشن ون وے الیکشن ہے اور حکومت جو بھی قدم اٹھائے گی ان کے اپنے گلے پڑے گا۔قبل ازیں اپنے ایک بیان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فوادچوہدری کی گرفتاری میں الیکشن کمیشن سیاسی فریق بن گیا، حکومت کےارادے واضح ہوگئے ہیں، جن سے عوام کو سمجھ جانا چاہیے کہ یہ الیکشن نہیں بلکہ کچھ اور کرنے جا رہے ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط سے پہلے گرفتاریوں کا دور شروع ہوگا، جس کے بعد جام حکومت کا سڑکوں پر کام تمام ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ 90 دنوں میں 2 صوبائی اسمبلیوں میں الیکشن ہونے جا رہے ہیں اور الیکشن کمیشن سیاست دانوں پرپرچے کٹوا رہا ہے جو اس کا کام نہیں ہے۔

ایف آئی آر پڑھ کراندازہ ہوا یہ کیس عدالت میں 2 نفلوں کی مار ہے، الیکشن کمیشن اپنی ساکھ کو اتنانہ گرائے کہ قوم کا الیکشن سے اعتبار اٹھ جائے، قوم کو الیکشن کی طرف جانے دیا جائے ورنہ قوم سڑکوں پر فیصلہ کرے گی۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 4 بلین سے کم اور آئی ایم ایف کی شرائط سرپر ہیں، وزیروں کا جمعہ بازار لگا ہے، سیاسی اقتصادی معاشی اور توانائی کا بحران حکومت کے گلے پڑنے والا ہے، ملک جام ہے حکومت کاکام تمام ہے، فواد کی گرفتاری چلتی پہ پیڑول کا کام کرے گی، اب ملک الیکشن کی بجائے تشدد کی راہ پر چل پڑا ہے اور فیصلے سڑکوں پہ ہوں گے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ جو قوم الیکشن کمیشن پر اعتبار نہیں کر رہی وہ الیکشن کےنتائج پر کیا خاک اعتبار کرے گی، چھوٹا بھائی پرائم منسٹر ہے اور بڑے بھائی کے پاکستان آنے پر پاؤں میں مہندی لگی ہے، الیکشن کا مطالبہ کرنے والے الیکشن پر جانے کے لیے تیار نہیں ہیں، نیب ترامیم سے فائدہ اٹھانے والے عنقریب قوم کے احتساب کی بھینٹ چڑھیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close