گجرات میں قیدیوں نے جیل پر قبضہ کر لیا

گجرات ( پی این آئی ) سینٹرل جیل گجرات میں قیدیوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی ہے۔ قیدیوں نےجیل پر قبضہ کرکے اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا۔ حکام کے مطابق قیدیوں نے بیرک میں کپڑے لٹکانے والی کھونٹیاں اتارنے پر ہنگامہ کیا، قیدیوں نے بیرکوں میں توڑپھوڑ کی،گوداموں اور بیرکوں کو آگ بھی لگا دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیم اورپولیس نے ڈسٹرکٹ جیل کو حصار میں لے رکھا ہے، قیدیوں کے ساتھ مذاکرات کیلئے آر پی او گوجرانوالہ جیل پہنچ گئے نہیں۔

علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گجرات جیل میں قیدیوں کی ہنگامہ آرائی کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر گجرات اور آرپی او کو ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کے ذمہ دار قیدیوں کا تعین کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ہنگامہ آرائی کے دوران کچھ قیدی اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں،سینئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں، حالات پر جلد قابو پالیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں