الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا اعلان کر دیا

لاہور(پی این آئی)الیکشن کمیشن نے محسن رضا نقوی کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب مقرر کردیا ۔ پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کی تعیناتی کیلئےچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر سرپرستی الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران الیکشن کمیشن شامل ہوئے۔ اہم اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھر وانا، ممبر کے پی جسٹس (ر )اکرام اللہ، ممبر سندھ نثار درانی، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی الیکشن شامل ہوئے ، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال، ڈی جی لاء اور سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان بھی اجلاس میں شامل تھے۔تفصیل کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے نامزدمحسن نقوی کو پنجاب کا نگران وزیراعلیٰ مقرر کردیا گیا، اپوزیشن کی جانب سے محسن نقوی اور احد چیمہ کے نام پنجاب کے وزیراعلیٰ کی طور پر پیش کیے گئے تھے ۔ سپیکر کی جانب سے بنائی جانیوالی پارلیمانی کمیٹی نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہیں کرسکی تھی جس کے بعد معاملے الیکشن کمیشن کو بھیج دیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے اجلاس کے بعد محسن نقوی کو پنجاب کا نگران وزیر اعلیٰ مقرر کیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے نوید اکرم چیمہ اور احمد نواز سکھیرا کے نام سامنے آئے تھے۔نگران وزیر اعلیٰ پنجا ب سے حلف لینے کے لیے گورنر پنجاب کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close