دبئی(پی این آئی) سیاحت کے لیے دنیا کے 10بہترین شہروں کا انتخاب سامنے آگیا ہے،سیاحت کے لیے معروف ادارے ٹرپ ایڈوائزر نے دنیا بھر کے لاکھوں افراد کی جانب سے جمع کرائے گئے تجزیوں کی بنیاد پر ان شہروں کو 2023کے لیے بہترین سیاحتی مقامات قرار دیا ہے،فہرست کے لیے سیاحوں کی جانب سے رہائش، ریسٹورنٹس اور وہاں کی سرگرمیوں کو دی جانے والی ریٹنگز کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
ترکیہ کے مشہور شہر استنبول کے حصے میں 10واں نمبر آیا ہے، یہ شہر باسفورس کے ایک جانب یورپ کے علاقے تھریس اور دوسری جانب ایشیا کے علاقے اناطولیہ تک پھیلا ہوا ہے اس طرح وہ دنیا کا واحد شہر ہے جو دو براعظموں میں واقع ہے،استنبول کو ‘سات پہاڑیوں کا شہر’ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ شہر کا قدیم علاقہ سات پہاڑیوں پر بنا ہوا ہے جہاں ہر پہاڑی کی چوٹی پر ایک مسجد قائم ہے، یہاں جدت و قدامت کا امتزاج دیکھنے والوں کے لیے یہاں کا سفر
زندگی کا یادگار ترین تجربہ بنادیتا ہے، 9 ویں نمبر پر ڈومینیکن ری پبلک کو قرار دیا گیا ہے،یہاں کے ساحل اور عمارات کا طرز تعمیر سیاحوں کو اپنی جانب کھینچنے والے عوامل ہیں،مراکش کے دارالحکومت کا نام بھی مراکش ہے اور یہ اس فہرست میں 8ویں نمبر پر ہے،اپنے بازاروں کے لیے معروف یہ خوبصورت افریقی شہرجدت و قدامت کا امتزاج ہے جہاں عرب و افریقی ثقافت باہم مل کر اس شہرکو انوکھا بنا دیتے ہیں،یہاں کی موسیقی، ساحل اور لوگوں کا طرز زندگی سب سیاحوں کی توجہ کا مرکز بننے والے عوامل ہیں، یورپی ملک یونان کا جزیری کریٹ بحیرہ روم کا پانچواں سب سے بڑا جزیرہ ہے جبکہ یہ ایک تاریخی مقام بھی ہے۔
لاکھوں سیاح یہاں کے تاریخی مقامات کی سیر کرنے آتے ہیں، اسے ساتواں نمبر دیا گیا ہے ،میکسیکو کے شہر کانکون کو فہرست میں چھٹے نمبر پر رکھا گیا ہے،یہ شہر اپنے ساحلوں کے لیے دنیا بھر میں معروف ہے جبکہ مایا تہذیب کے کھنڈرات بھی سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتے ہیں،فہرست میں فرانس کا دارالحکومت پیرس پانچویں نمبر پر رہا،پیرس شاندار و تاریخی عمارات، عالمی سطح پر معروف ادارے اور مشہور باغات دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے سیاح پیرس آتے ہیں۔
اسے محبت کا شہر بھی قرار دیا جاتا ہے،روم اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے،اٹلی کا دارالحکومت روم اپنے تاریخی آثار کی بنا پر دنیا بھر کے سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے،مگر اس کے ساتھ ساتھ یہاں کے پکوان، اوپن ائیر مارکیٹیں اور دیگر جگہیں بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز ہیں،لندن دنیا کے اہم شہروں میں سے ایک ہے۔لندن کو فہرست میں تیسرا نمبر دیا گیا ہے،یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل چار مقامات کا تعلق بھی لندن سے ہے۔
جن میں ویسٹ منسٹر محل اور کلیسائے ویسٹ منسٹر، کلیسائے سینٹ مارگریٹ، لندن برج اور شاہی نباتاتی باغیچہ شامل ہیں،انڈونیشیا کے جزیرے بالی کو سیاحت کے حوالے سے دنیا بھر میں دوسرا بہترین شہر قرار دیا گیا ہے،بالی کو انڈونیشیا کی جنت بھی کہا جاتا ہے جو کسی خوابوں کی سرزمین سے کم نہیں،جزیرہ بالی اپنی روایتی مندروں، سرسبز دھان کے کھیتوں، آتش فشانی پہاڑوں اور ساحلوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے،
اس طرح یہ تاریخی مقامات کے دلدادہ افراد کے ساتھ سمندری مقامات اور دیگر قدرتی مناظر کے پرستاروں کے لیے بھی مثالی مقام ثابت ہوتا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کو فہرست میں ٹاپ نمبر پر رکھا گیا ہے ،دبئی کے بارے ٹرپ ایڈوائزر کا کہنا تھا کہ یہ وہ شہر ہے جہاں جدید ثقافت کا امتزاج قدامت سے ہوا ہے جبکہ عالمی معیار کی شاپنگ اور تفریحی سہولیات یہاں دستیاب ہیں،دنیا کی سب سے بلند عمارت برج الخلیفہ اس شہر میں موجود ہیں جبکہ اور بھی بہت کچھ ایسا ہے جو دیکھنے لائق ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں