میں قومی اسمبلی سے استعفیٰ نہیں دینا چاہتا، پی ٹی آئی رکن نے اسپیکر کو خط لکھ دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے ناصر خان موسیٰ زئی نے استعفے کی واپسی کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا، خط میں استدعا کی گئی کہ میرا قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفا دینے کا کوئی ادارہ نہیں ہے۔

 

 

پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے ناصر خان موسیٰ زئی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنا استعفا واپس لینے کیلئے خط ارسال کردیا ہے۔خط میں ناصر خان موسیٰ زئی نے استعفا نہ منظور کرنے کی استدعا کی۔ خط میں کہا گیا کہ اسپیکر آفس استعفوں کے معاملے کو اچھی طرح جانتا ہے، میرابطور رکن قومی اسمبلی سے استعفا دینے کا کوئی ادارہ نہیں ہے۔یاد رہے اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے مزید 35 اراکین کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔ان ارکان میں ملیکہ بخاری،عندلیب عباس، حیدر علی خان، عامر کیانی، محبوب شاہ، خسرو بختیار اور فخر امام کے استعفے منظور کیے گئے ہیں، بشیر خان، کرامت علی کھوکھر اور عاصمہ قدیر کے استعفے بھی منظور کر لیے گئے۔دیگر ارکان جن کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں سلیم رحمان،صاحبزادہ صبغت اللہ،شیر اکبر خان ،علی خان جدون اور مجاہد علی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے عثمان ترکئی اور ارباب عامر ایوب کے استعفے بھی منظور کر لیے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی پی ٹی آئی کے 34 ارکان قومی اسمبلی اور شیخ رشید کے استعفے منظور کیے گئے تھے۔

 

 

 

جبکہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جنہوں نے مجھے اطمینان کرایا ان کے استعفے منظور کیے، بہت سے پی ٹی آئی ارکان نے رابطہ کرکے کہا ہے وہ ابھی سوچ رہے ہیں۔ دوران گفتگو جب اسپیکر سے سوال ہوا کہ عمران خان نے واپسی کا عندیہ دیا تو آپ نے استعفے منظور کرلیے؟ اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسی بات نہیں ہے، میں اب بھی چاہتا ہوں جن کے استعفے منظور نہیں ہوئے اسمبلی میں آئیں لیکن جب پی ٹی آئی وفد آیا تو منظوری کا عمل شروع ہوچکا تھا، استعفے منظور کرتا ہوں تو بھی شور مچ جاتا ہے اور نہیں کرتا تو بھی شور مچتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں