اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی حکومت نے طالب علموں کے لیے لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے نیشنل انکیوبیشن سنٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سکیم کا 10ارب روپے سے اجراءکیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت ایک لاکھ طالب علموں کو میرٹ کےذریعے لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔
نیشنل بینک آف پاکستان کو بھی کہہ دیا گیا ہے کہ لیپ ٹاپ لیزنگ پراڈکٹس تیار کرے تاکہ ہر یونیورسٹی طالب علم ارزاں قیمت میں لیپ ٹاپ حاصل کر سکے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ”پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد کو ملحوظ رکھا جائے تو ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنے مسابقتی فائدے میں بدل سکتے ہیں۔پاکستان کی 22کروڑ آبادی کا 60فیصد 15سے 29سال عمر کے درمیان ہے۔یہ ایک ایسا سرمایہ ہے، جس سے ہم بہت فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔“وفاقی وزیر نے کہا کہ ”اس وقت ملک میں 2ہزار آئی ٹی کمپنیاں اور کال سنٹرز ہیں او ریہ تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے۔ملک بھر میں ڈیجیٹل انٹرنیٹ کی رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ہماری حکومت نے ماضی میں بھی نوجوانوں میں 10لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور اب ایک بار پھر یہ سکیم شروع کر رہے ہیں۔“
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں