نگران وزیراعلیٰ کیلئے نئے نام کی انٹری، فہرست فائنل

3لاہور ( پی این آئی ) صوبہ پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے ایک نئے نام کی انٹری ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے فیصلے کیلئے پارلیمانی کمیٹی قائم کر دی گئی، سپیکر سبطین خان نے اس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا۔

حکومتی اتحاد سے پارلیمانی کمیٹی میں اسلم اقبال، راجہ بشارت اور ہاشم جواں بخت شامل ہیں، کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی ملک ندیم کامران، ملک احمد خان اور حسن مرتضیٰ کریں گے، کمیٹی کا مشاورتی اجلاس کل بروز جمعہ دوپہر 2 بجے طلب کر لیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے 2 نام فائنل کرکے پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیئے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے سردار احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام فائنل کیے گئے ہیں، پی ٹی آئی نے نصیر خان کا نام ڈراپ کر دیا۔اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے حوالے سے اہم امور پر مشاورت کی گئی، نگران وزیراعلیٰ کیلئے احمد نواز سکھیرا، نوید چیمہ اور نصیر خان کے ناموں پر غور کیا گیا، عمران خان کی جانب سے حتمی مشاورت کے بعد 2 نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ملک انتخابات میں تاخیر کا کسی طور متحمل نہیں، انتخابات کی شفافیت کو خطرے میں ڈالنا قوم سے دشمنی کے مترادف ہے، صاف، شفاف انتخابات کا انعقاد سنجیدہ معاملہ ہے، پی ٹی آئی بہترین شہرت اور صلاحیت کی حامل شخصیات کو نامزد کررہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close