چیف الیکشن کمشنر کے لگائے گئے وزیراعلیٰ کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

لاہور (پی این آئی) وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے چیف الیکشن کمشنر کے لگائے وزیراعلٰی کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں الیکشن کمیشن کی نیت اور سوچ کا علم ہے،الیکشن کمیشن روزانہ عمران خان کے خلاف کیسز بنا رہا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کے بنائے گئے وزیراعلٰی کو چلنے نہیں دیں گے اور چیف الیکشن کمشنر کے بنائے وزیراعلٰی کے خلاف عدالت جائیں گے۔دشمن کی غلطی کو روکا نہیں کرتے،اسی میں اس کو ڈوبنے دیں گے لیکن عمران خان غلطی کرتے ہیں تو ہم روکتے ہیں۔ وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ جب بھی الیکشن ہوں گے ہم مقابلہ کریں گے،ہم خود اسمبلیاں توڑ کربیٹھے ہیں،الیکشن ہوں گے تو آگے ہوں گے۔شریف خاندان صبح اٹھ کر رات تک جھوٹ بولتے ہیں،عمران خان سچا لیڈر ہے وہ جھوٹ نہیں بولتا،نگراں وزیراعلٰی کیلئے ہم نے نام دے دئیے ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ کو ق لیگ سے نکالنے کا ارادہ نہیں،انہوں نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام جماعتیں معاشی بحالی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر مل بیٹھ کر فیصلے کریں۔عام انتخابات وقت پر ہوتے نظر نہیں آ رہے۔ابھی توانتخابات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ کو ق لیگ سے نکالنے کا ارادہ نہیں ہے۔ قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے چوہدری پرویز الہی کی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں شوز کاز نوٹس جاری کردیا تھا۔مسلم لیگ کا اہم اجلاس چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا،اجلاس میں سیکرٹری جنرل طارق بشیر احمد چیمہ،سینئر نائب صدر چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع حسین نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں