نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے تین نام اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کو بھجوا دیئے گئے

لاہور ( پی این آئی) پنجاب میں اپوزیشن نے نگران وزیراعلیٰ کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کیلئے 3 نام اسپیکر سبطین خان کو بھیج دیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز نے اسپیکر صوبئی اسمبلی کو ایک خط ارسال کیا۔

جس میں انہوں نے ن لیگ کی جانب سے اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے لیے نام بھجوا ئے، جن میں ملک احمد خان، حسن مرتضیٰ اور ملک ندیم کامران کے نام شامل ہیں۔اسپیکر سبطین خان کے نام خط میں حمزہ شہباز نے لکھا کہ گورنر پنجاب کو 2 نام بھجوائے تھے جسے وزیراعلیٰ پنجاب نے تسلیم نہ کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب نے بغیر کسی آئینی وجوہات کے میرے نامزد کردہ ناموں کو مسترد کردیا۔ اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہم نے غیر جانبدار شخصیات کے نام نگران وزیراعلیٰ کے لئے پیش کیے لیکن اپوزیشن نے جانبدار شخصیات کے نام دے کر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا اور اپوزیشن نے نگران وزیراعلیٰ کے نام پر بھی سیاست چمکانے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن نگران وزیراعلیٰ کے حوالے سے جو چاہتی ہے وہ خواب پورا نہیں ہوگا اور ہماری کوشش ہوگی کہ نگران وزیراعلیٰ کے نام پر جلد اتفاق رائے ہو۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ بشارت اور میاں اسلم اقبال سے ملاقات میں کیا، اس دوران نگران وزیراعلیٰ اور سیاسی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی جب کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی سربراہی میں کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دوسری طرف گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کے معاملے پر اتفاق رائے کرانے میں کامیاب نہیں ہوسکا، نگران وزیراعلیٰ کیلئے پرویزالٰہی اور ملک احمد خان دونوں نے ایک دوسرے کے نام مسترد کر دیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں