نیپرا نے پھر بجلی مہنگی کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 46 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فروری اور مارچ سے لاگو کیا جائے گا۔نیپرا نے بجلی کی قیمت چار روپے چھیالیس پیسے فی یونٹ مہنگی کردی ہے، بجلی کی قیمت میں اضافہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، مختلف کیٹیگریز کیلئے ایک روپے 49 پیسے سے 4 روپے 46 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا۔

اضافے کا اطلاق فروری اور مارچ سے لاگو کیا جائے گا۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔دوسری جانب وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر صورت گیس کی قیمت میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔

مصدق ملک نے کہا کہ حکومت نے گھریلو نیٹ ورک میں توسیع پر گیس قلت کے سبب پابندی لگائی، پاکستان میں گیس کی قیمت نہیں بڑھائی۔

لوگوں پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا، مگر یہ بوجھ خزانے پر آ رہا ہے، گیس کے اضافی کنکشن ایل این جی پر دے سکتے ہیں جو بہت مہنگی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پورے ملک میں گیس 1600ایم ایم سی ایف ڈی ہے جبکہ ملک میں 3200ایم ایم سی ایف ڈی پیداوار ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ 1400ایم ایم سی ایف ڈی گیس بجلی اور کھاد بنانے میں جاتی ہے، پورے ملک کے لیے 1600ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال ہوتی ہے۔ اسی طرح سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں 8 کروڑ لوگ غربت کی لکیر کے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں، بجلی کی بڑھتی قیمت کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے، ہمارے لیڈرز کو مل بیٹھ کر حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے، ہفتہ21 جنوری کو ہمارا پہلا سیمینار اس اتفاق رائے کی طرف ایک قدم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں