اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف کے چھوٹے بیٹے سلیمان شہباز نے اپنی ہی پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سمیت ملک کے تین سابق وزرائے خزانہ کو جوکر قرار دیدیا ہے۔روزنامہ جنگ میں انصار عباسی کی خبر کے مطابق سلیمان شہباز نے نام لئے بغیر اگرچہ مفتاح کو جوکر کہا لیکن یہ وہی سابق وزیر خزانہ ہیں جن کی اسی حکومت میں وزیراعظم شہباز شریف ماضی قریب میں تعریفیں کرتے رہے۔
اپنی ٹوئیٹ میں سلیمان شہباز نے کہا کہ آخری تین وزرائے خزانہ جوکر تھے، انہوں نے ایک جوکر شو چلایا، ڈار صاحب نے 1998 میں ایٹمی دھماکوں کے بعد ملک کو ڈیفالٹ کو ٹال دیا۔ چیلنجز بہت بڑے ہیں، وہ اپنے عزم اور محنت کیلئے اپنا بہترین شاٹ دے رہے ہیں، 3 جوکروں نے بارودی سرنگیں بچھادیں۔اس ٹوئیٹ کو شریف فیملی کے مفتاح اسماعیل کیخلاف غم و غصے سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ حالیہ ہفتوں کے دوران وہ اُس ہزیمت انگیز انداز پر تنقید کرتے رہے ہیں جس کے تحت پارٹی قیادت نے انہیں عہدے سے ہٹایا تھا۔معاشی مسائل سے نمٹنے کیلئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی حکمت عملی پر بھی مفتاح اسماعیل تنقید کرتے رہے ہیں۔
سلیمان شہباز کی ٹوئیٹ سے لگتا ہے کہ مفتاح اسماعیل کا نون لیگ کے ساتھ سفر اب تقریباً ختم ہو چکا ہے۔نون لیگ کی حکومت کے گزشتہ وزیر خزانہ کے حوالے سے سلیمان شہباز نے جو کچھ کہا اس کے برعکس، وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال جولائی میں آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی پر کھل کر مفتاح اسماعیل کو شاباشی دی تھی۔
14؍ جولائی 2022ء کی ٹوئیٹ میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور بلاول بھٹو کی زیر قیادت خزانہ اور خارجہ دفاتر کی ٹیموں کو شاباشی دیتا ہوں کہ ان کی کوششوں سے آئی ایم ایف پروگرام بحال ہوا۔ یہ ایک بڑا ٹیم ورک تھا۔وزیراعظم نے یہ ٹوئیٹ آئی ایم ایف کی جانب سے یہ بیان جاری کرنے کے بعد کی تھی کہ دونوں فریقین کے درمیان اسٹاف لیول کا معاہدہ بالآخر ہو چکا ہے جس سے 7؍ ارب ڈالرز مالیت کی توسیع فنڈ کی سہولت (ای ایف ایف) کیلئے 7واں اور 8واں جائزہ مکمل ہوگا۔
جب سے مفتاح کو وزیر خزانہ لگایا گیا، نون لیگ لندن اور مریم نواز غیر مطمئن تھے۔ اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ نے اسحاق ڈار کی فوری واپسی کیلئے کلیئرنس نہیں دی تھی اور مفتاح کو وزیر خزانہ لگانے کی توثیق کی تھی۔ نون لیگ پاکستان نے شہباز شریف کی قیادت میں مفتاح پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔جب مفتاح کے حوالے سے پارٹی میں اختلافات کی خبریں سامنے آئیں تو نون لیگ کے سینئر رہنماؤں نے ان کی حمایت کی اور ان کے کام کی تعریف کی۔
ٹوئٹر پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم کی ٹیم میں مفتاح سخت محنتی رکن ہیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کیلئے ہر وقت دستیاب رہتے ہیں۔ مشکل حالات اور ہر طرف سے بدقسمتی سے نون لیگ کے اندر سے ان پر ہونے والی تنقید کے باوجود وہ بہتر کام کر رہے ہیں۔ یہ وقت مفتاح کے ساتھ اظہار یکجہتی کا ہے۔اسی دن شاہد خاقان عباسی نے بھی ٹوئیٹ کی اور کہا کہ مفتاح اسماعیل کی پاکستانی سیاست کے حوالے سے ملکی معیشت کے متعلق معلومات کا کوئی ثانی نہیں۔
وہ وزیراعظم کی کابینہ کے انتہائی موثر رکن ہیں اور انہوں نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے اور وزیراعظم کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈا پر عمل کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ جب نواز شریف نے مفتاح کی جگہ ڈار کو لگانے کا فیصلہ کیا تو وزیراعظم شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر مفتاح کی تعریف کی۔وزیراعظم نے کہا کہ مفتاح نے ملک کی مشکل صورتحال اور آئی ایم ایف سے نمٹنے کا مشکل کام کیا۔ میں ان کی پیشہ واریت اور عزم کی قدر کرتا ہوں جس کے تحت انہوں نے مشکل وقتوں میں خدمت کی ہے۔ لیکن آج وزیراعظم کے اپنے بیٹے نے ان کو جوکر کہہ دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں