سندھ میں بلدیاتی الیکشن، پیپلزپارٹی کو بڑا جھٹکا لگنے کا امکان

کراچی (پی این آئی ) بلدیاتی انتخابات، کراچی میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف اتحاد کی صورت میں میئر بنانے کی پوزیشن میں آ گئیں، سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں کراچی ڈویژن کی 205 یونین کونسل کے نتائج سامنے آگئے۔

پیپلز پارٹی 86، جماعت اسلامی 68 جبکہ تحریک انصاف 37 نشستوں پر فتح حاصل کرنے میں کامیاب، جبکہ 11یوسیز میں امیدواروں کے انتقال کے باعث پولنگ نہیں ہوسکی۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں الیکشن کمیشن نے 235 میں سے 205 نشستوں کے نتائج جاری کردیئے ہیں۔نتائج کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پیپلزپارٹی 86، جماعت اسلامی 68 اور پی ٹی آئی 37نشستوں پر کامیاب قرار پائی۔اسی طرح مسلم لیگ ن 7، جے یوآئی اور آزاد امیدوار 2، 2، جبکہ ایم کیوایم اور ٹی ایل پی ایک ایک نشست جیتنے میں کامیاب رہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 35 یوسیز کے نتائج تیاری کے مراحل میں ہیں، جبکہ 11یوسیز میں امیدواروں کے انتقال کے باعث پولنگ نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پی ٹی آئی کراچی کے صدر رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان یوسی کا الیکشن ہار گئے، خرم شیر زمان کو صدر ٹاؤن یوسی 11 سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سید نجمی عالم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

نجمی عالم نے اس نشست پر دو ہزار 696 ووٹ حاصل کیے،خرم شیر زمان اس علاقے سے دس سال سے ایم پی اے ہیں اور انہیں پی ٹی آئی کی جانب سے میئر کا امیدوار بھی قرار دیا جا رہا تھا، رکن صوبائی اسمبلی ہونے کے باوجود وہ یوسی چیئرمین کی نشست پر لڑ رہے تھے۔اسی طرح پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے پولنگ ایجنٹوں کے مطابق کراچی کی واحد اکثریتی جماعت پیپلزپارٹی ہوگی ۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میری جائے پیدائش، اپنے شہر کراچی کی جانب سے پہلی بار پی پی پی کا انتخاب کرنے پر بہت زیادہ خوش ہوں۔ہم مل کر کراچی کو ایسا بنائیں گے جس کے ہم حق دار ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں