نگران وزیراعلیٰ پنجاب کون ہوگا؟ ن لیگ کا پرویزالٰہی سے رابطہ

لاہور (پی این آئی) صوبہ پنجاب میں اسمبلی کی تحلیل کا عمل مکمل ہونے کے بعد نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کیلئے مسلم لیگ ن نے چوہدری پرویزالٰہی سے رابطہ کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے بیرون ملک ہونے کے باعث مشاورت کیلئے ملک احمد خان کو اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے، قائد حزبِ اختلاف پنجاب کے مقرر کردہ نمائندے نے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، اس دوران نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کے حوالے سے مشاورت ہوئی اور ملک احمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جلد نگران وزیر اعلیٰ کے لیے نام تجویز کئے جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز کی پاکستان واپسی ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوگئی ہے، جہاں حمزہ شہباز کی بیٹی کا چیک اپ تو مکمل ہوگیا ہے تاہم قائد حزب اختلاف پنجاب نے والدہ کے آپریشن کے باعث وطن واپسی ملتوی کی ہے کیوں کہ نصرت شہباز کے آپریشن بعد ڈاکٹروں نے انہیں بیڈ ریسٹ تجویز کیا ہے، جس کی وجہ سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب 26 جنوری کے بعد وطن واپس آئیں گے۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن نے ناصر کھوسہ سے رابطہ کیا کہ فریقین کی طرف سے متفقہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب بن جائیں تاہم ناصر کھوسہ نے معذرت کر لی، اس حوالے سے وزیر دفاع اور مسلم لیگ نے سینئر رہنماء خواجہ آصف نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ناصر کھوسہ صاحب کی قابلیت اصول پسندی اور دیانت داری مسلمہ ہے، بحیثیت بیوروکریٹ ان کا کردار قابل فخر ہے، ہم نے ان سے رابطہ کیا کہ فریقین کی طرف سے متفقہ کیئرٹیکر وزیراعلیٰ کاعہدہ قبول کریں تاہم انہوں نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور معذرت کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close