الیکشن کمیشن نے 271 ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی

اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن نے 271 ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 271 ممبران پارلیمنٹ اور ارکان صوبائی اسمبلی کی رکنیت سالانہ گوشوارے جمع نہ کرنے پر معطل کی گئی،سینیٹ کے 21 ارکان،قومی اسمبلی کے 136،سندھ اسمبلی کے 48،خیبر پختو نخوا اسمبلی کے 54 اور بلوچستان اسمبلی کے 12 ارکان کی رکنیت گوشوارے جمع نہ کرانے پر معطل کی گئی۔

معطل ارکان قومی اسمبلی،سینیٹ اور صوبائی اسمبلی کے اجلاسوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اعتماد کے ووٹ سمیت قانون سازی میں معطل ممبران شریک نہیں ہوسکیں گے،الیکشن کمیشن اسپیکرز اور چیئرمین سینیٹ کو معطل ممبران کی فہرست بھجوائے گا۔احسن اقبال،تاج حیدر،فواد چوہدری،مراد سعید،زرتاج گل کی رکنیت معطل کی گئی ہے جبکہ خواجہ آصف،طارق بشیر چیمہ،اسد عمر،عمر ایوب،نوید قمر اور سینیٹر شوکت ترین سمیت دیگر ارکان کی بھی رکنیت معطل کی گئی ہے۔یاد رہے کہ اس سے پہلے الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات فراہم نہ کرنے والے سینیٹرز،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو معطل کرنے اور اجلاسوں میں شرکت سے روکنے کا عندیہ دیا،31 دسمبر تک 570 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی تھیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا کہ سینیٹ آف پاکستان کے 100اراکین میں سے اب تک 36اراکین نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں جبکہ سینیٹ کی ایک نشست پر ابھی تک انتخاب نہیں ہوا۔اسی طرح قومی اسمبلی کے 342 اراکین میں سے ابھی تک 201 اراکین نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی تھیں۔قومی اسمبلی کی 10نشستیں خالی ہیں،پنجاب اسمبلی کے 371اراکین میں سے 159اراکین نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی تھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close