اسلام آباد(پی این آئی ) وفاقی حکومت نے 36 اور 72 صفحات کے ای پاسپورٹس کے لیے فیسیں مقرر کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی منظوری سے ای پاسپورٹس اجرا کے لیے فیس شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، فیس شیڈول کا اطلاق ڈپلومیٹیک، آفیشل اور آرڈنری کیٹیگری کے لیے کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور نیوز کے مطابق عام شہریوں کو ای پاسپورٹ کا اجرا موجودہ پاسپورٹ کی مدت کے اختتام پر کیا جائے گا، ابتدائی طور پر ای پاسپورٹس اجرا کا آغاز صرف اسلام آباد سے کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر کے دیگر پاسپورٹ دفاتر سے
ای پاسپورٹ اجرا کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ 36 صفحات کے 5 سالہ ای پاسپورٹ کے لیے نارمل فیس 9 ہزار، ارجنٹ فیس 15 ہزار روپے، 10 سالہ پاسپورٹ کے لیے نارمل فیس 13 ہزار 5 سو، اور ارجنٹ کے لیے 22 ہزار 5 سو روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ 72 صفحات کے 5 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 16 ہزار 5 سو، اور ارجنٹ 27 ہزار 5 سو روپے ہوگی، جب کہ 10 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 24 ہزار 750، اور ارجنٹ فیس 40 ہزار 5 سو روپے ہوگی۔ فیس کی ادائیگی نیشنل بینک، موبائل ایپ، موبی کیش اور ایزی پیسہ سے بھی کی جا سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں