ایم کیو ایم کے متحد ہوتے ہی خالد مقبول صدیقی نے بڑی دھمکی دیدی

کراچی (پی این آئی) ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ حلقہ بندیاں ٹھیک نہ ہوئیں تو15 جنوری کو انتخابات نہیں ہونے دیں گے، آج رات حلقہ بندیاں ٹھیک کرادیں پھر چاہے کل الیکشن کرا لیں، آرٹی ایس بیٹھتا رہا تو جمہوریت بھی بیٹھ جائے گی، 2018 میں جیتنے والے حیران اور جتوانے والے پریشان تھے۔

خالد مقبول صدیقی نے نے ایم کیوایم دھڑوں کے انضمام کے موقع پر پی ایس پی اور تنظیم بحالی کمیٹی کے قائدین مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر فاروق کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حالات کی سنگینی کا ہم سب کو علم ہے، وقت کی ضرورت ہے ہم سب ایک دوسرے کی آواز بنیں، کراچی کو منی پاکستان کہا جاتا ہے، وہ لوگ جنہوں نے تحریک پاکستان کیلئے جدوجہد کی اور پاکستان کو جس مقصد کیلئے بنایا گیا اس مقصد کو پورا کرنے جنہوں نے پاکستان کی جدوجہد کی ان پر پاکستان کو بچانے کی سب پر ذمہ داری ہے، ہماری اپیل اور دعوت شمولیت پر تمام لوگوں نے آپس میں بیٹھنے اور ضم ہونے کا فیصلہ کیا،ہم سب کی مشترکہ کوششیں رنگ لائی ہیں، ایم کیوایم کے خلاف سازشیں اورقوم میں مایوسی پیدا کرنے والوں کو آج مایوسی ہوگی، ہم نے پاکستان کو بنایا تھا اور پاکستان بچائیں گے۔

اس موقع پر مصطفی کمال نے کہا کہ 14اگست 2013میں الطاف حسین کی جماعت کو چھوڑ کر گیا، ہماری ان کے ساتھ کوئی ذاتی لڑائی یا رنجش نہیں تھی، پھر انیس قائمخانی بھی چھوڑ کر گئے، ہم نے جو بغاوت کی وہ کھل کرکی، میرا کوئی بھائی لاپتا نہیں تھا، روزانہ پاکستان کی ریاست کو گالیاں بکیں جارہی تھیں، مودی کو آواز دی جارہی تھی کہ اپنی سرحدیں کھولو اور ہمیں پناہ دی جائے ، خواتین کو بچے پیدا ہونے کا بتایا جاتا تھا، یہ وہ دور تھا جب ہر تیسرے دن شہداء قبرستان میں لاش جاتی تھی، شکر ہے آج وہ منظر نہیں ہے، چھ سال سے شہداء قبرستان کو تالے لگ گئے، لاپتا بچے ماؤں کو واپس مل گئے۔آج 12جنوری 2023ہے، کراچی کو راء کے تسلط سے اس لئے آزاد نہیں کرایا تھا کہ آصف زرداری کا تسلط ہو، آصف زرداری کا ارادہ بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا ہے، بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے کیلئے کراچی کو ساتھ لے کر چلنا پڑے گا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم کی تقسیم زہرقاتل تھی، ایم کیوایم کومو قع دیا جائے تو 10ارب ڈالر تنہا کراچی کما کر دے سکتا ہے، جنیوا سے 10 ارب ڈالر تحفہ ہماری غیرت پر ایک اور سوال آگیا، پورے ملک میں سیاسی کشیدگی ہے اقتدار قتدار کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close