پنجاب میں ایک بار پھر گورنر راج لگنے کا امکان ظاہر کر دیا گیا

لاہور(پی این آئی) وفاقی وزیرداخلہ اور سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) راناثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس پنجاب اسمبلی میں نمبر پورے نہیں ہیں، صوبے میں گورنر راج لگنے کا امکان ہے ۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ کل چور آپس میں دست و گریباں ہوئے ہیں، ان کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے عیاں ہوگا، ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہمارے نمبر 186 ہیں، ہمارے نمبر 179 ہیں، اسمبلی آنے سے روکنا غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام ہوگا، انہیں اعتماد کا ووٹ ہر قیمت پر لینا پڑے گا، غیر قانونی عمل کرتے ہیں تو خود ہی خسارے میں رہیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پاس نمبر پورے نہیں ہیں، اس صورتحال میں گورنر راج کا بھی امکان پیدا ہوگیا ہے، عمران خان کہتا ہےکہ الیکشن کراؤ، الیکشن الیکشن کی رٹ لگا رہا ہے، اگر عمران خان الیکشن میں کامیاب ہوا تو ملک میں تباہی ہوگی وہ انتقامی کارروائیاں کرے گا جو ساڑھے چار سال کیا وہی کرے گا، الیکشن میں ناکام ہوگا تو رزلٹ تسلیم نہیں کرے گا، گند کرے گا،ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں معاشی استحکام پیدا کیا جائے۔جنیوا کانفرنس پر بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ دنیا شہباز شریف کی اپیل پر پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کی توقعات پوری ہوئیں اور دنیا نے توقعات سے بڑھ کرمدد کی، اب تک 11 ارب ڈالر کی مدد ہوچکی ہے جس میں مزید اضافہ ہوگا۔

دنیا کی مدد پاکستان اور اتحادی حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے، یہ اعتماد ان کے منہ پر طمانچہ ہے جو کہتے تھے پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ یہ امداد ہے، قرض نہیں ہے، یہ امداد عمران خان کی تباہی سے ملک کو نکالنے میں مدد کرے گی جس سے ڈالر سستا ہوگا، مہنگائی کم ہوگی اور لوگوں کی ناراضی ختم ہوگی۔ عمرانی ٹولے نے ملک کی معیشت کا برا حال کیا، پرویز الٰہی اس وقت مسلط ہیں، دو تین ماہ میں پنجاب کو اس طرح لوٹا کہ اس کی مثال نہیں ملتی، لوٹ مار میں عمرانی ٹولہ ، پرویز الٰہی اور ان کا برخوردار شامل ہے۔انہوں نے پرویز الٰہی اور عمران خان کو ڈالر مہنگا ہونے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے ڈالر خرید کر بیرون ملک سمگل کیا، ڈالر مہنگے ہونے کے ذمہ دار یہ ہیں، ان لوگوں نے منی لانڈرنگ کی، مہنگائی کے ذمہ دار یہ ہیں، مونس الٰہی واپس آئیں اور بات کا جواب دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close