پنجاب اسمبلی کے باہر رانا ثنا اللہ پر جوتا پھینک دیا گیا

لاہور ( پی این آئی ) پنجاب اسمبلی کے باہر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی گاڑی پر جوتا پھینک دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب اسمبلی کے باہر نامعلوم شخص نے مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کی گاڑی کو جوتا ماردیا، یہ واقعہ اس وقت ہوا جب پنچاب اسمبلی اجلاس کے بعد وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہورہے تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھے ہوئے تھے، جوتا گاڑی کی ونڈ اسکرین پر لگا جب کہ نامعلوم شخص جوتا پھینک کر موقع سے فرار ہوگیا۔چند روز قبل گورنر سندھ کامران ٹیسوری پر شہری نے جوتا پھینک دیا تھا، کراچی میں نمائش چورنگی پر سالِ نو کی تقریب میں ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کے خطاب کے دوران جوتا پھینکا گیا، جوتا گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور خالد مقبول کے سامنے گرا تاہم دونوں رہنماؤں نے اسے نظر انداز کیا اور خطاب مکمل کر کے چلے گئے، سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی، جس میں دیکھا گیا کہ خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ کھڑے گورنر سندھ کے پاس جوتا گرتا ہے۔واضح رہے کہ کسی سیاسی رہنما پر جوتا اچھالنے کا یہ واقعہ پہلی مرتبہ پیش نہیں آیا بلکہ ماضی میں بھی ایسے ہی متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں، 2018 میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف پر تقریب کے دوران جوتے سے حملہ کیا گیا تھا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف جامعہ نعیمیہ میں ایک تقریب میں شرکت کیلئے گئے تھے، اسی دوران جب وہ خطاب کیلئے ڈائس پر پہنچے تو اس دوران ہال میں موجود شخص نے ان پر جوتا اچھال دیا، جوتے سے حملہ ہوتے ہی ہال میں بھگدڑ مچ گئی اور حملہ کرنے والے کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ جوتے سے حملہ ہوتے ہی سکیورٹی اہلکاروں نے ڈائس کو گھیرے میں لے لیا اور جوتا اچھالنے والے شخص کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ہال سے باہر لے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں