عمران خان کی نااہلی 99.99 فیصد نظر آرہی ہے، عمران خان کے سابقہ دست راست کا دعویٰ

اسلام آباد (آئی این پی)سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ نہیں ہونا چاہیے، اگر ہواتو چوہدری پرویز الٰہی کو بری طرح سے شکست اٹھانی پڑے گی اورمسلم لیگ نون کی حکومت آ جائے گی، عمران خان کی نااہلی 99.99فیصد ہے ،عمران خان اب بند گلی کے اندر پھنس چکے ہیں دروازے پر تالے لگے ہیں، سارے سازشی اور سانپوں نے اکٹھے ہو کر ایک تعیناتی کے چکر میں سارا معاملہ بگاڑدیا ہے۔

پیر کو سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کی اجازت آئین میں موجود ہے لیکن سارے چور اکٹھے ہو کر حکومت میں بیٹھ گئے ہیں،پنجاب میں وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ نہیں ہونا چاہیے، اگر ہوئی تو چوہدری پرویز الٰہی کو بری طرح سے شکست اٹھانی پڑے گی، جس سے عمران خان اور پرویز الٰہی دونوں کی سیاست خراب ہو گی اور پنجاب میں مسلم لیگ نون کی حکومت آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے عمران خان کو دھوکہ نہیں دیا ،دھوکہ پی ٹی آئی نے دیا ہے، ایم کیو ایم نے عمران خان سے سندھ کا گورنر اور پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت مانگی جو عمران خان انہیں دینے کو تیار تھے لیکن اس وقت کے تحریک انصاف کے گورنر وزیر اور اسلام آباد کے ایک شخص جو سیاست کراچی میں کرتے تھے انہوں نے جا کر ساری ایسی کی تیسی کر دی، جس سے عمران خان کی حکومت چلی گئی۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی 99.99فیصد ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ملک میں جب ہاتھی چھپنا چاہے تو چھپ جاتا ہے اور جب پھنسے میں کوئی آئے تو دم بھی اس کی نکل آتی ہے،عمران خان اب بند گلی کے بجائے بند گلی کے اندر پھنس چکے ہیں اور دروازے پر تالے لگے ہیں، قانونی پیچیدگیوں سے گھبرا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کو روک روک کر تھک گیا تھا کہ آپ کے اردگرد کے لوگ آپ کو نااہل کرا کے چھوڑیں گے، سارے سازشی اور سانپوں نے اکٹھے ہو کر ایک تعیناتی کے چکر میں سارا معاملہ بگاڑدیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close