ناراض ن لیگی رہنما کا سیاست چھوڑنے کا اعلان، عمران خان کی سپورٹ جاری رکھوں گا

لاہور(پی این آئی) مسلم لیگ (ن) کے مستعفی ہونے والے رکن اسمبلی میاں جلیل شرقپوری نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جلیل شرقپوری نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ تھا اور ساتھ ہی رہوں گا، علاقائی سیاسی مصروفیات سے نکل کر 24 گھنٹے عمران خان کیلئے کام کروں گا۔

عمران خان کے ارد گرد مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے جس کو جاننا ان کیلئے بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختوانخواہ دونوں اسمبلیوں کو فوری تحلیل کر دینا چاہیے، چوہدری پرویز الٰہی اگر اسمبلی تحلیل نہیں کرتے تو پی ٹی آئی ارکان کو استعفے دے دینے چاہئیں، نظام بدلنے کیلئے میرے پاس فارمولے موجود ہیں جلد عمران خان سے مشاورت کروں گا۔قبل ازیں مسلم لیگ ن کے مستعفی رہنما جلیل احمد شرقپوری نے پارٹی چیئرمن عمران خان کو مشورہ دیا تھاکہ 20 سے 25 دسمبر تک پنجاب اسمبلی توڑ دیں۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پرویزالٰہی سے گزارش کی کہ آپ پی ٹی آئی میں شامل ہوجائیں، انہیں تحریک انصاف کواہمیت دینی چاہیے لیکن وہ مسلم لیگ (ق) کے ان لوگوں کو نواز رہے جو اسمبلیوں میں بھی نہیں، اپنی مرضی سے مشیر بھرتی کر رہے یہ زیادتی ہے، اسے دو نمبری کہوں تو بری بات نہیں، پرویزالٰہی کو گجرات کے بجائے باقی اضلاع میں زیادہ کام کرواناچاہیے۔

جلیل شرقپوری نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو 20یا 25دسمبر تک پنجاب اسمبلی تحلیل کردینی چاہیے، اگر عمران خان نے پنجاب اور کے پی کے اسمبلی توڑدی، تو ایک ہفتے میں وفاق بھی ٹوٹ جائے گا، پی ڈی ایم کی عزت بھی اسی میں ہے کہ الیکشن میں جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا عدالتی سسٹم اتنا کمزور ہے کہ چور کو پکڑا ہی نہیں جاسکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں