لاہور(پی این آئی) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پرویز الہیٰ زیادہ سے زیادہ 20 جنوری تک وزیراعلیٰ رہیں گے۔اگر ہم عمران خان سے حکومت نہ لیتے تو ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوتا۔انہوں نے کرنانہ لالہ موسی میں دو کروڑ چوہتر لاکھ کی لاگت سے لالہ موسی ڈنگہ لنک روڈ کے تعمیراتی کام کی افتتاحی تقریب کے موقع پر علاقے کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا دور پاکستان کے ہر شعبے میں تباہی کی مانند ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ چار سال میں ملک کو عالمی سطح پر تنہا کیا اور سعودی عرب، چین ، ترکی اور ملائیشیا جیسے ممالک جنہوں نے ہر قسم کے حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ان ممالک سے عمران خان نے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو خراب کیا۔انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس پاکستان کے موجودہ نوجوان وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا ذولفقار علی بھٹو اور والدہ محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث کو ثابت کرتے ہوئے سفارتی محاذ پر لاجواب کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ملک میں لوگ مہنگائی سے دوچار ہیں جس پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین روس جنگ اور ملک میں حالیہ سیلاب کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں پر بھی زور دیا کہ وہ مہنگائی قابو کرنے کے لیے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کا فوری خاتمہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت چند دنوں کی مہمان ہے اور اس کا جلد خاتمہ ہو جائے گا جس سے پنجاب میں دھونس دھاندلی اور لاقانونیت کا بھی خاتمہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف آج پنجاب حکومت گجرات تحصیل میں اربوں روپے کے فنڈز خرچ کر رہی ہے اور اس کے برعکس پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے تحصیل کھاریاں کے عوامی نمائندے اپنی ہی حکومت سے قلیل ترقیاتی فنڈز لینے سے بھی قاصر ہیں ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں