آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات، پاک سعودی دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کا فیصلہ

ریاض (پی این آئی) پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔ عالمی میڈیا میں پاکستان کے آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان نے سرمائی کیمپ میں پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا۔ سعودی ولی عہد نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف بننے پر مبارکباد دی۔ سعودی حکام کے مطابق سعودی ولی عہد اور پاکستانی آرمی چیف کے درمیان دو طرفہ تعلقات مستحکم بنانے پر اتفاق ہوا۔

اس کے علاوہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان فوجی اور دفاعی تعاون کو بھی فروغ دینے پر اتفاق ہوا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نےسعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سےبھی ملاقات کی تھی۔ سعودی وزیر دفاع نے جنرل عاصم منیر کو پاکستانی فوج کا سربراہ بننے پر مبارکباد دی تھی۔ رپورٹس کے مطابق ملاقات میں برادر ملکوں کے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور پائیداری پر زور دیا گیا تھا۔ پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دورہ سعودی عرب کے دوران مکہ مکرمہ میں اپنی فیملی کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی بھی کی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آمد پر بیت اللّٰہ کا دروازہ بھی کھولا گیا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بیت اللّٰہ کے اندر نوافل ادا کیے اور پاکستان کی ترقی خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں