آزاد کشمیر، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی صدر بیرسٹر سلطان محمود سے ملاقات، اہلیان مقبوضہ کشمیر کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نمائندگی دینے پر اتفاق

اسلام آباد (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی صدر آزاد جموں کشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی جس میں اہلیان مقبوضہ کشمیر کو ریاست جموں کشمیر کی نمائندہ قانون ساز اسمبلی میں نمائندگی دینے پر اتفاق کر لیا گیا ، صدر اور وزیر اعظم آزادکشمیر نے مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک تکمیل پاکستان کو مزید جلا بخشنے، بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانے اور قومی و بین الاقوامی فورمز پر اہلیان مقبوضہ کشمیر کی تحریک کو مزید موثر طریقے سے اٹھانے کیلئے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان اور صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے درمیان ایل او سی کے پار بسنے والے کشمیریوں کیلئے آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مخصوص نشستیں مختص کرنے کی غرض سے قانون سازی پر اتفاق کر لیا گیا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر اور صدر آزاد کشمیر نے آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کے غیر مسلموں کو بھی موثر نمائندگی دینے پر اتفاق کیا جبکہ تحریک تکمیل پاکستان کے دوران اہم کردار ادا کرنے والے جید مسلمان قائدین کیلئے بھی اعزازی سیٹیں مختص کرنے پر مشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان اور صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے قرار دیا کہ مسلمانوں کے ساتھ ایل او سی کے پار بسنے والے غیر مسلم کشمیریوں کے دل بھی پاکستان کیلئے دھڑکتے ہیں، ان کے جذبات اور احساسات ہمارے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اسی لیے ہم انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔دونوں رہنماوں کا کہنا ہے کہ بھارت میں دلتوں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے اس سے انسانیت شرما جاتی ہے۔ کشمیری پنڈت،سکھ،پارسی بھی تکمیل پاکستان کا خواب دیکھتے ہیں کیونکہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریہ پاکستان میں تمام ادیان کو زندگی گذارنے کے یکساں مواقع فراہم کیے گئے اور مملکت پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔

دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کے سیاسی قائدین اور غیر مسلم کمیونٹی تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں قانون ساز اسمبلی پرپورا استحقاق رکھتے ہیں اس لیے قانون سازی کرتے ہوئے انہیں بھرپور نمائندگی دیں گے۔دونوں رہنماوں کا کہنا ہے کہ ایل او سی کے دونوں اطراف کشمیریوں کو اپنے اپنے ادیان کے مطابق زندگی گذارنے کا حق حاصل ہے اور رہے گا۔ان عظیم مقاصد کیلئے حکومت اور اپوزیشن کو ملکر تحریک تکمیل پاکستان کو تقویت بخشنے کے لئے اقدامات اٹھانے ہونگے۔سیاسی قیادت نے تحریک آزادی کشمیر جو درحقیقت تحریک تکمیل پاکستان ہے کے لئے ماضی میں بھی بھرپور کردار کیا اور مستقبل میں بھی یہ جدوجہد اپنی منزل کے حصول تک جاری رکھیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں