سستا آٹا لینے کی کوشش نے 6بچوں کے والد کی جان لے لی، انتہائی افسوسناک واقعہ

میرپورخاص (پی این آئی) میرپورخاص میں سستا آٹا لینے کے دوران شہری جاں بحق ہوگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ میرپورخاص میں پیش آیا جہاں سستا آٹا لینے کے دوران رش میں گر کر دم گھٹنے کی وجہ سے مزدور جان کی بازی ہار گیا۔عینی شاہدین کے مطابق مزدور کا لوگوں کے پیروں تلے آنے اور دم گھٹنے سے انتقال ہوا۔

جاں بحق ہونے والا 38 سالہ شخص 6 بچوں کا باپ تھا۔جانبحق مزدور کے لواحقین نے پریس کلب کے سامنے لاش رکھ کر احتجاج کیا۔خیال رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آٹے کی قیمت 150 روپے سے اوپر چلی گئی۔ نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے پروگرام آج کامران خان میں انکشاف ہوا کہ کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں سب سے مہنگا آٹا فروخت ہو رہا ہے، جہاں فی کلو آٹے کی قیمت 160 روپے ہو گئی۔ دوسری جانب ملک میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 30.60 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوا، آٹا، چاول، مرغی، پیاز، دالوں سمیت 23 اشیاء مہنگی ہوگئیں۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوا۔ جس کے باعث ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 30.60 فیصد ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 9 اشیا سستی ہوئیں اور 19 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں مرغی کی فی کلو قیمت میں 53 روپے کا اضافہ، ٹوٹا چاولکی فی کلو قیمت میں 6 روپے کا اضافہ ہوا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 79 روپے مہنگا ہو، رواں ہفتے پیاز کی قیمت میں 6 روپے کا اضافہ ہوا، دال مونگ، ماش 3 اوردال چنے فی کلو 2 روپے مہنگی ہوئیں، اسی طرح نمک، تازہ دودھ اور دہی کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں