ہفتہ، اتوار، پاکستان میں کہاں کہاں بارش کی پیشنگوئی کر دی گئی؟

اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ موسمیات کے ماہرین نے نے ویک اینڈ کے دوران مغربی اور بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں 6 جنوری کو شمالی بلوچستان میں داخل ہوں گی، مغربی ہوائیں ویک اینڈ کے دوران بالائی علاقوں پر اثر انداز ہوں گی۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ 7 اور 8 جنوری کو کوئٹہ، ژوب، بارکھان سمیت زیارت، نوکنڈی، دالبندین، ہرنائی اور قلعہ سیف اللّٰہ میں بارش کا امکان ہے۔

بتایا گیا ہے کہ قلعہ عبداللّٰہ، چمن اور پشین میں بھی ہلکی یا درمیانی بارش کی توقع ہے جبکہ 7 تا 9 جنوری مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان میں درمیانی بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق چترال، سوات، مالاکنڈ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں درمیانی بارش ہوگی، ویک اینڈ کے دوران اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، چارسدہ، باجوڑ، کرم، وزیرستان اور کوہاٹ میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بارانی علاقوں میں بارش کھڑی فصلوں کے لیے فائدہ مند ہو گی، جبکہ بارش کے دنوں میں دھند کی شدت کم ہو جائے گی۔

محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش سے دن میں درجہ حرات 5 سے7 سینٹی گریڈ کم ہوجائے گا، پہاڑی علاقوں میں برفباری سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل پڑسکتا ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے آمد و رفت میں رکاوٹ کا خدشہ ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں