ایم این سی ایچ، انفارمیشن ٹیکنالوجی معلمین قرآن اور بیلداران کی 13 سو سے زائد مستقل اسامیاں تخلیق کر کے ان پر تعیناتیاں کی گئی ہیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی وفود سے گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ فلاحی ریاست کے تصور کو آگے بڑھاتے ہوئے ہماری حکومت نے سات ماہ کی مختصر مدت میں نامسائد ترین مالی حالات کے باوجود ایم این سی ایچ، انفارمیشن ٹیکنالوجی معلمین قرآن اوربیلداران کی 13 سو سے زائد مستقل اسامیاں تخلیق کر کے ان پر تعیناتیاں کر دی ہیں۔

محکمہ تعلیم سمیت دیگر محکمہ جات میں بھی ہزاروں اسامیوں تخلیق کر کے ملازمین کو مستقل اور تعینات کیا جائے گا۔ پرائیویٹ سیکٹر میں بھی سرمایہ کاروں کو آگے لا کر اور مقامی افراد کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مزید ہزاروں افراد کو روزگار دلایا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزراء حکومت چوہدری ارشد،چوہدری علی شان سونی،اکبر ابراہیم چوہدری،چوہدری یاسر سلطان و دیگر عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب پاکستان تحریک انصاف کی آزادکشمیر میں حکومت قائم ہوئی تو بیروزگاری آسمان کو چھو رہی تھی۔ہزاروں کنٹریکٹ ملازمین کی نوکریاں غیر محفوظ تھیں اور پرائیویٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے کوئی بھی تیار نہیں تھا۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے مختصر مدت میں ہزاروں اسامیاں تخلیق کر کے ملازمین کو مستقل کیا اور میرٹ پر مزید افراد کو مستقل کیا جائے گا۔خواتین کو ایمپاور کرنے کیلئے حکومت پالیسی سامنے لے آئی ہے اور اسپیشل اکنامک زون برائے خواتین قائم کیا جا رہا تاکہ لاکھوں پڑھی لکھی اور ہنر مند خواتین اس سے مستفید ہو سکیں۔ یوتھ کیلئے 70 کروڑ روپے سے زائد کا فنڈ رکھا گیا ہے تاکہ نوجوان کاروبار کیلئے حکومت سے قرض لے سکیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم نے 32 سالہ جمود توڑتے ہوئے اور جمہوری اقدار کو مضبوط کرتے ہوئے چئیرمین عمران خان کے ویژن کے تحت بلدیاتی الیکشن کرا دئیے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی الیکشن کی مخالفت کی لیکن ہماری حکومت نے تمام بلیک میلنگ اور رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے تاریخ کے پر امن اور شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا۔ اب ہم تمام بلدیاتی اداروں کو فنڈز اور اختیارات دینے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں گوٹ فارمنگ کا وسیع تر سکوپ موجود ہے دریاوں کے کنارے موجود خالی جگہوں کو استعمال میں لاکر فارمنگ کی جائے گی جس سے نہ صرف مقامی سطح گوشت کی ضرورت پوری کی جائے گی بلکہ ریاست سے باہر پاکستان کے شہروں کو بھی گوشت سپلائی کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت آئندہ دنوں میں مقامی سطح پر خوراک کے ذریعوں کو وسعت دینے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے جا رہی ہے جس سے باقاعدہ مقامی انڈسٹری قائم ہو گی اور ہزاروں افراد کو گھر کی دہلیز پر روزگار حاصل ہو گا۔عام انتخابات 2021ء اور بلدباتی انتخابات 2022ء میں جس منشور کے تحت عوام سے ووٹ حاصل کیے تھے اس منشور پر عمل کرتے ہوئے تمام وعدوں کو اب پورا کیا جا رہا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں