شدید سردی کے باعث بارش کا پانی جم گیا، محکمہ موسمیات کی خشک سردی اور شدید دھند کی پیشگوئی

کوئٹہ/اسلام آباد(آئی این پی) بلوچستان کے دارالحکومت اور گرد و نواح میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث سڑکوں پر موجود بارش کا پانی جم گیا۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور گرد نواح سمیت دیگر علاقوں میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے پہنچ گیا۔درجہ حرارت منفی ہونے کے باعث کوئٹہ شہر اور گرد و نواح میں سڑکوں پر جمع بارش کا بانی جم گیا جبکہ شہر بھر میں گیس کی سپلائی بھی منقطع ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں درجہ حرارت منفی 7 اور کوئٹہ میں منفی ایک تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ(آج ) اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد ر ہے گا۔ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علا قوں میں شدید دھند پڑنے کی توقع ہے جب کہ خطہ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔اتوار کے روز پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری ،گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدیدسرد رہے گا۔ جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ،فیصل آباد،جھنگ، سرگودھا،ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، بھکر، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر،ملتان ، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک جبکہ صبح کے اوقات میں کہرا اور چند مقامات پردھند پڑنے کا امکان ہے ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں