اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ مزید لٹک گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ سے اہم خبر

اسلام آباد ( پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان اور وفاقی حکومت کی انٹراکورٹ اپیلیں پیر کو بھی سماعت کیلئے مقرر نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا معاملہ مزید لٹک گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے پیر 2 جنوری کی کازلسٹ جاری کر دی گئی ہے۔

جس میں الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کی انٹراکورٹ اپیلیں پیر کو بھی سماعت کیلئے مقرر نہیں کی گئیں، اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کی الیکشن کمیشن اور حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر نہ ہوسکی جب کہ سنگل بینچ میں الیکشن کرانے کا فیصلہ دینے والے جج بھی آئندہ ہفتے رخصت پر ہوں گے۔واضح رہے کہ عدالتی حکم کے باوجود اسلام آباد میں آج بلدیاتی انتخابات نہ ہوسکے، اسلام آباد میں کئی مقامات پر ووٹرز ووٹ ڈالنے پہنچے تاہم پولنگ اسٹیشن پر تالے اور عملہ نہ ہونے پر مایوس ہو کر واپس لوٹ گئے، کئی مقامات پر ووٹرز نے قطاریں بھی لگائیں اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا لیکن الیکشن کمیشن نے گزشتہ رات اتنے کم وقت میں الیکشن کرانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ عملہ چھٹی پر جا چکا ہے جب کہ حکومت نے بھی سکیورٹی کی فراہمی سے معذرت کرلی تھی اور اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کرانے کے فیصلے کیخلاف وفاق نے بھی عدالت میں انٹراکورٹ اپیل دائر کر دی۔

وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف وفاقی حکومت نے عدالت میں انٹراکورٹ اپیل دائر کی، وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اپیل دائر کی، انٹرا کورٹ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ ہائیکورٹ سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور حتمی فیصلے تک سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close