وزیراعظم آزاد کشمیرسے سابق امیدوار اسمبلی سردار خطاب اعظم اور مرکزی رہنما سردار عامر جمیل کی قیادت میں حلقہ 3 کھائی گلہ راولاکوٹ کے وفدکی ملاقات

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے سابق امیدوار اسمبلی سردار خطاب اعظم اور مرکزی رہنما سردار عامر جمیل کی قیادت میں حلقہ 3 کھائی گلہ راولاکوٹ کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں شامل ٹاؤن کمیٹی کھائی گلہ سے منتخب آزاد امیدوار سردار مظفر خان، یونین کونسل پکھر سے منتخب آزاد لوکل کونسلر سردار لیاقت خان اور ملک ظفر خان نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی جنہیں وزیراعظم آزاد کشمیر نے پارٹی مفلر پہنا کر تحریک انصاف میں خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر وزراء حکومت دیوان علی چغتائی، سردار فہیم اختر ربانی، پارلیمانی سیکرٹری و ترجمان حکومت محترمہ پروفیسر تقدیس گیلانی، پارلیمانی سیکرٹری مولانا مظہر سعید شاہ، پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ سمیت تحریک انصاف کے دیگر مرکزی رہنما شریک تھے۔دریں اثناء وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے وزیر تعلیم سکولز دیوان علی چغتائی اور سابق چیئرمین ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد سید اظہر گیلانی نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے سابق چیئرمین پی ڈی اے سردار ارشد نیازی نے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر حکومت سردار فہیم اختر ربانی اور معاون خصوصی ہمراہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار امتیاز شاہین بھی موجود تھے۔

دریں اثناء وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے امسال شجرکاری کے حوالہ سے خصوصی ہدایات دی ہیں۔وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں آزاد جموں وکشمیر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے اور ریاست میں پھلدار اور پھولدار پودوں کی کاشت بڑھانے کے حوالہ سے امسال متعدد پودہ جات کی شجرکاری یقینی بنانے کا ہدف دیا گیا ہے،آزاد جموں وکشمیر میں امسال شجرکاری مہم کے دوران انار کے دو لاکھ، سیب، اخروٹ، زیتون اور آم کے ایک ایک لاکھ، چیری کے پچاس ہزار اور ناشپاتی، آلو بخارہ اور خوبانی کے تیس تیس ہزار پودہ جات لگائے جائیں گے۔آزاد کشمیر کے پچیس ہزار کنال رقبہ پر زعفران کاشت کی جائے گی جبکہ 300 ایکڑ رقبہ جات پر گلاب اور دیگر پھولدار پودے لگائے جائیں گے تاکہ پھول دار پودہ جات کمرشل مقاصد کے لیے استعمال ہو سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close