پی ٹی آئی نے وفاق کی خواہش پوری کرنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ پنجاب میں اپوزیشن اور گورنر کی وزیر اعلیٰ سے اعتماد کا ووٹ لینے کی خواہش پوری کر دی جائے گی، ہمارے پاس تعداد مکمل ہے، اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی رائے ایک ہی ہے،عام انتخابات 2024 تک لے جانے کی باتیں غیر آئینی ہیں۔ہفتہ کے روز سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اپوزیشن اور گورنر کی وزیر اعلیٰ سے اعتماد کا ووٹ لینے کی خواہش بھی پوری کر دی جائے گی ۔

ہمارے پاس تعداد مکمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی رائے ایک ہی ہے البتہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سروسز کے حوالے سے ہر کسی کی اپنی رائے ہے اور وزیر اعلیٰ کی رائے کا اسی طرح احترام رکھتے ہیں جس طرح وہ ہماری رائے کا رکھتے ہیں اگر وہ جنرل باجوہ پر تنقید پر جوا ب دینا چاہتے تو ضرور دیں ۔ اسد عمر نے کہا کہ عام انتخابات 2024 تک لے جانے کی باتیں غیر آئینی و غیر قانونی ہیں ۔ سیلاب یا معاشی صورتحال کوئی بنیاد نہیں ہے ابھی آزاد کشمیر اور کئی جگہوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں ۔ حکومت انتخابات سے بھاگ رہی ہے لیکن وہ کب تک بھاگتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت گرانے کی سازش کرنے والوں اور اس کے بعد ہمارے ساتھ جو رویہ رکھا گیا ہے اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا ہم مکمل ارادہ رکھتے ہیں ہم حقیقی آزادی کی تحریک اس لئے ہی چلا رہے ہیں کہ کبھی کسی کی جرات نہ ہو کہ پاکستان کے فیصلے ملک سے باہر ہوں اور اندرونی معاملات میںمداخلت کا خاتمہ ہو جائے ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں