اسلام آباد (پی آئی ڈی ) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ریاست بھر میں بیروزگاری میں کمی لانے اور عوام کو معاشی خود کفالت دینے کیلئے منصوبہ بندی مکمل کر لی۔ خواتین کیلئے اگلے تین ماہ میں اسپیشنل اکنامک زون قائم کر دیا جائے گا جبکہ شعبہ زراعت سمیت مختلف سیکٹرز کے ہنر مند افراد اور ماہرین کا ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کا کہنا ہے کہ زعفران اور انگور کی پیداوار کیلئے آزادکشمیر کے کئی اضلاع میں پوٹینشل موجود ہے، زعفران اور انگور کی کاشت کرنے والوں کو حکومت مکمل معاونت اور رہنمائی فراہم کرے گی۔
اس پیداوار سے شہریوں اور ریاست کو اربوں روپے کا سرمایہ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شہد کی مکھیوں کے ذریعے آزادکشمیر میں جو شہد کی پیداوار کی جارہی یہ عالمی معیار کے مطابق ہے ، شہریوں کو شہد کی پیداوار کے حوالے سے بھی مکمل معاونت دی جائے گی اور اس کی پراسیسنگ اور پیکنگ کے نظام کو مزید بہتر کرنے کیلئے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آرچڈ کیلئے بھی ایک پالیسی سامنے لائی جارہی ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پھلوں کی وسیع پیداوار کی جائے گی ۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ان تمام شعبہ جات کی تعلیم حاصل کرنے والوں اور ان شعبہ جات کے ماہرین کا ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے تاکہ متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ ان افراد کا لیزان کرایا جائے اور ان شعبہ جات میں تیزی سے کام آگے بڑھایا جائے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں عوام سے جو وعدے کیے تھے ان کو اب پورا کیا جارہا ہے۔ آزادکشمیر میں بیروزگاری آسمان کو چھو رہی ہے، ہمارے لاکھوں پڑھے لکھے بچے اور بچیاں بیروزگار ہیں ، ان پڑھے لکھے افراد کو روزگار دینا ریاست کی ذمہ داری ہے اور اسی مشن کے تحت تمام شعبہ جات کیلئے پالیسیاں بنائی گئی ہیں۔ پڑھے لکھے لوگ آگے برھیں اور اپنی صلاحیتوں سے خود کو اور دوسروں کے روزگار کا ذریعہ بنیں ، حکومت انکی مکمل معاونت اور رہنمائی کرے گی ۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ جلد ہی آزادکشمیر میں انڈسٹریلائزیشن کے حوالے سے بھی ایک مکمل پالیسی سامنے لائیں گے جس میں کاٹیج انڈسٹری، میڈم اور لارج سکیل انڈسٹریز کے فروغ کیلئے حکومت کا بھرپور کام سب کو نظر آئے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں