اپوزیشن بند گلی میں ہے، پارلیمنٹ مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پیپلز پارٹی نے خبردار کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت کو سینیٹ کا ریکوزیشن اجلاس اس لیے بلانا پڑا کیوں کہ صدر نے اجلاس کا سمن پاس نہیں کیا، قانون سازی کا کام نہیں روکا جاسکتا۔سینیٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیری رحمان نے کہا کہ اپوزیشن خود بند گلی میں ہے، اپوزیشن اپنی بینچز پر بیٹھنے کو تیار نہیں، ان کی ضد ہے کہ وہ اقتدار میں ہوں اور ملک کو بادشاہوں کی طرح چلائیں، پارلیمان کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سینیٹر شیری رحمان کہا کہ صدر اجلاس کا سمن پاس نہیں کریں گے تو ہم قانون سازی کا بزنس نہیں روک سکتے۔ ہم چاہتے ہیں بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات پر اپوزیشن کے ساتھ مل کر بات کریں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ سیر حاصل گفتگو نہیں بس گھیراو جلاو اور سڑکوں پر آنے کی بات کرتے ہیں۔ اپوزیشن خود بند گلی میں ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ میں نے سابق چیئرمین سینیٹ کی 2016 کی رولنگ پڑھ کر سنائی۔ رولنگ کے مطابق ریکوزیشن اجلاس میں حکومتی بل پیش ہو سکتے ہیں۔ اپوزیشن اپنے بینچز پر بیٹھنے کو تیار نہیں۔ ان کی ضد ہے کہ یہ اقتدار میں ہو اور ملک بادشاہت کی طرح چلائے۔ ہم ان کو پارلیمان کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اجلاس قوائد و ضوابط کے مطابق ہوا اور کورم بھی مکمل تھا۔ اگر کورم پورا نا ہوتا تو پھر اجلاس بھی نہیں ہوتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں