خاتون نے بیک وقت کتنے بچوں کو جنم دیدیا؟ ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا

باماکو(پی این آئی)دنیا میں بیک وقت سب سے زیادہ بچے پیدا کرنے کا ریکارڈ اس وقت مغربی افریقہ کے ملک مالی کے میاں بیوی عبدالقادر عربی اور حلیمی سیسی کے پاس ہے، جن کے ہاں 2021ءمیں 9بچے (پانچ بیٹیاں اور چار بیٹے) پیدا ہوئے اور خوش قسمتی سے تمام بچے زندہ اور صحت مند ہیں۔

یہ دنیا میں پہلے میاں بیوی ہیں جن کے ہاں پیدا ہونے والے 9بچے زندہ و سلامت ہیں اور اسی وجہ سے ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا ہے۔ حلیمہ سیسی کو بچوں کی پیدائش کے لیے مراکش لایا گیا تھا۔حمل کے 30ویں ہفتے اس کے ہاں آپریشن کے ذریعے 9بچوں کی پیدائش ہوئی۔ حلیمہ اور ان کے شوہر بچوں کی پیدائش کے لیے مالی حکومت کی معاونت سے مراکش گئے تھے تاکہ ماں اور بچوں کو خصوصی طبی نگہداشت فراہم ہو سکے جو مالی میں ممکن نہیں تھی۔بچوں کی پیدائش کے لیے 30ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی ایک ٹیم نے کام کیا تھا۔ ماں اور بچوں نے کئی ماہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی زیرنگرانی گزارے۔ ہسپتال میں ان بچوں کے لیے خصوصی میڈیکل فلیٹ بنایا گیا تھا جہاں وہ والدین کے ساتھ مقیم رہے۔ اب یہ 9بہن بھائی اپنے ماں باپ کے ساتھ اپنے آبائی ملک واپس لوٹ گئے ہیں۔

مئی 2022ءمیں بچوں کی پہلی سالگرہ پر عبدالقادر نے بتایا تھاکہ اتنے سارے بچوں کی ایک ساتھ پرورش آسان نہیں ہے، مگر ہم یہ دیکھ کر خوش ہیں کہ ہمارے تمام بچے صحت مند ہیں۔عبدالقادر کا کہنا تھا کہ 9میں سے ہر بچے کی منفرد شخصیت ہے۔ کچھ خاموش طبع ہیں جبکہ کچھ بہت شور مچاتے ہیں۔ بعض کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں ہمہ وقت گود میں اٹھائے رکھا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close