ادارے اپنی حدود میں رہیں، عمران خان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا، اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق دوٹوک اعلان

لاہور (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسمبلی تحلیل کرنا ہمارا آئینی حق ہے، گورنر پنجاب کا اقدام غیرقانونی ہے، تمام اداروں کو اپنی حد میں رہتے ہوئے کام کرنا ہوگا، ملک کی موجودہ معاشی صورت حال کے ذمہ دار جنرل (ر) باجوہ ہیں۔

زمان پارک لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے آئے وکلاء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کی غلامی سے نکلنے کے لیے ملک میں انصاف کا نظام بحال ہونا ضروری ہے، اسمبلیوں کو تحلیل کرنا ہمارا آئینی حق ہے، جب تک رول آف لا نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرسکتا، اس لیے وکلاء ملک بھر میں رول آف لاء کے حوالے سے بھرپور تحریک شروع کریں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر وکلاء نے سابق وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی کہ گورنر پنجاب کا وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کرنے کا اقدام عیر قانونی ہے، اسمبلی تحلیل اور گورنر کے اقدام کے حوالے سے منظور وٹو کیس کا عدالتی فیصلہ بلکل واضح ہے۔ادھر پاکستان تحریک انصاف نے کل شام 5 بجے لاہور میں گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا، پی ٹی آئی رہنماء حماد اظہر نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کومذاق بنانےکی کوشش کی جارہی ہے، پی ٹی آئی کے تمام کارکنان احتجاج میں پہنچیں، شام 5 بجے لاہور میں گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کیا جائے گا، عمران خان گورنر ہاؤس کے سامنے اہم خطاب کریں گے، اس لیے کل اہلیان لاہور گورنر ہاوَس کے سامنے احتجاج کیلئے پہنچیں۔

دوسری طرف آرٹیکل101 کا استعمال کرتے ہوئے گورنر پنجاب کو گھر بھیجنے کا مطالبہ کردیا گیا، پی ٹی آئی کے رہنماء راجہ بشارت نے تصدیق کی ہے کہ اسپیکر پنجاب نے گورنر کے کنڈکٹ کے خلاف صدرمملکت کو خط لکھ دیا ہے، خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 101 کے سب آرٹیکل کے تحت صدر کو اختیار ہے کہ وہ گورنر کو گھر بھیج دیں، صدر سے گورنر کے آئین شکنی اقدام کو روکنے کی استدعا کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں