پرویز الہیٰ کے بیان کے بعد مونس الہیٰ زمان پارک پہنچ گئے، عمران خان نے کیا جواب دیا؟

لاہور(آئی این پی) وزیراعلی پنجاب کے بیان پر عمران خان کو اعتماد میں لینے کے لیے مونس الہی ان کی رہائش گاہ گئے اور ملاقات کرکے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی،نجی ٹی وی کے مطابق ایک روز قبل عمران خان نے پنجاب اور خیبر پختون خوا کے وزرائے اعلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق آرمی چیف جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ پر ایک بار پھر تنقید کی تھی جس پر وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے عمران خان کے بیان کو احسان فراموشی قرار دیتے ہوئے بیان دیا کہ آئندہ جنرل (ر)باجوہ کے خلاف کوئی بات کی گئی تو ہماری پوری جماعت بھی جواب دے گی،

پرویز الہی کے اس بیان کے بعد پیدا شدہ کشیدہ صورتحال کو ختم کرنے کے لیے چوہدری مونس الہی عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کی لاہور رہائش گاہ زمان پارک پہنچے۔ عمران خان سے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری بھی موجود تھے،ملاقات میں وزیراعلی پنجاب کے بیان کے حوالے سے بات چیت کی گئی، مونس الہی نے پرویز الہی کے بیان کے حوالے سے اپنے موقف سے آگاہ کیا اور پرویز الہی کے بیانات پر اعتماد میں لیا،ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات بیس منٹ تک جاری رہی جس کے بعد مونس الہی زمان پارک سے روانہ ہوگئے۔اس حوالے سے اب یہ چہ مہ گوئیاں شروع ہو گئی ہیں کہ عمران خان نے پرویز الہیٰ کے سخت الزامات کے بعد مونس الہیٰ کو کیا جواب دیا ہے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں