پی ٹی آئی کو ایک اور بڑا جھٹکا لگنے کا امکان

اسلام آباد ( پی این آئی ) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمدآفریدی کے خلاف بھی نااہلی ریفرنس دائر ہونے کا امکان پیدا ہوگیا۔ حکمران اتحاد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کرنے کی تیاری کرلی ہے، مرزا محمد آفریدی کی طرف سے مسلم لیگ ن کو چھوڑے بغیر پی ٹی آئی میں شمولیت کو ریفرنس کے لیے بنیاد بنایا جائے گا۔

 

 

 

اس کے علاوہ ان کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی تجویز پر بھی غور جاری ہے۔ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ مرزا محمد آفریدی نے مسلم لیگ ن چھوڑنے کا ڈیکلریشن الیکشن کمیشن میں تاحال جمع نہیں کرایا، اس کی بنیاد پر ان کے خلاف نااہلی کے ریفرنس میں پارٹی چھوڑے بغیر دوسری جماعت سے الیکشن لڑنے کو جواز بنایا جائے گا۔بتاتے چلیں کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے آزاد حیثیت میں سینیٹ الیکشن جیت کر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی لیکن انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے لڑا اور اس میں کامیابی بھی حاصل کی۔دوسری طرف چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک تیار کر لی گئی ہے، حکمران اتحاد کی دو بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان اس حوالے سے مشاورت ہوچکی ہے تاہم جے یو آئی ف، ایم کیوایم، بی این پی مینگل اور اے این پی نے اس ضمن میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

 

 

 

چاروں جماعتوں سے مشاورت کے بعد عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی اور عدم اعتماد کی تحریک لانے کے لیے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس سے اجازت لی جائے گی۔تاہم چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ممکنہ تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے متحرک ہوچکے ہیں اور انہوں نے سیاسی جماعتوں سے رابطے بھی شروع کر دیے ہیں، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے متوقع تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کیلئے پیپلزپارٹی، جے یو آئی اور بی این پی مینگل سے رابطے کیے اور تعاون کی درخواست کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں