وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا عمران خان کو پنجاب اسمبلی کی امانت واپس کرنے کا اعلان

لاہور (پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت تھی انہیں واپس کردی، عمران خان نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کردیا،افواہیں پھیلانے والے پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ،وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کی ملاقات کے احوال کے مطابق ملاقات میں اسمبلی کی تحلیل اور آئندہ کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے مشاورت کی گئی، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے، عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کو ساتھ بٹھا کر فیصلے کا اعلان کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے، یہ امانت ان کو واپس کردی ہے،عمران خان کے ہرفیصلے کا ساتھ دیں گے، عمران خان نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کردیا ہے، افواہیں پھیلانے والے پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے۔چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ عمران خان کی آواز پر لبیک کہیں گے، ہمارا اتحاد پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہے۔ذرائع اے آروائی نیوز کا کہنا ہے کہ ق لیگ کی جانب سے آئندہ الیکشن میں انتخابی اتحاد کیلئے صوبائی اسمبلی کی 30 نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کیا گیا ہے، عمران خان کے خطاب کے بعد بھی مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

مزید برآں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کو آج خطاب میں ساتھ بیٹھنے کی دعوت دی ہے۔ چودھری پرویز الہیٰ نے عمران خان کی دعوت قبول کر لی۔ وزیراعلیٰ پنجاب لبرٹی چوک کے اجتماع میں خطاب کے موقع پر عمران خان کے ساتھ بیٹھیں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی خطاب کے موقع پر عمران خان کے ساتھ ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close