ڈاکٹر عامر لیاقت مرحوم کی اہلیہ دانیہ شاہ کو گرفتار کر لیا گیا

لودھراں (پی این آئی)عامر لیاقت کی ذاتی ویڈیوز لیک کرنے کا معاملہ،عامر لیاقت کی بیوہ دانیہ شاہ کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت مرحوم کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کو گرفتار کرلیا گیا ہےایف آئی اے کراچی کے مطابق سائبرکرائم سرکل نے پنجاب کےعلاقے لودھراں میں کارروائی کرتے ہوئے مرحوم ایم این اے اور مذہبی اسکالر عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ کو گرفتار کیا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہےکہ ملزمہ کو متنازع ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق مرحوم کی بیٹی نے ملزمہ کے خلاف شکایت درج کروائی تھی جس پر کارروائی کی گئی۔دانیہ کی والدہ سلمیٰ بی بی کا کہنا ہے کہ بیٹی کوپولیس اور کچھ افراد نےگھر میں گھس کر گرفتار کیا۔واضح رہے کہ رواں برس انتقال کر جانے والے معروف اینکر پرسن اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی سابق پہلی بیوی ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے دانیہ ملک کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) میں مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔عامر لیاقت کے انتقال کے ایک ماہ بعد دانیہ ملک نے سندھ ہائی کورٹ میں شوہر کا پوسٹ مارٹم کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا ، جس کے بعد ان کی درخواست پر 28 جولائی کو سماعت ہوئی تھی۔ دانیہ ملک کی جانب سے عامر لیاقت کی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے اور انہیں پریشان کرنے کے معاملے پر ان کی سابق پہلی بیوی بشریٰ اقبال نے ایف آئی اے میں جانے کا اعلان کیا تھا۔

بشریٰ اقبال نے 22 جولائی کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ وہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم میں دانیہ ملک اور ان کی والدہ کے خلاف شکایت درج کروانے جا رہی ہیں۔ انہوں نے مداحوں سے اس ضمن میں دعا کی اپیل بھی کی مگر انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی تھی کہ وہ کن الزامات اور بنیاد پر دانیہ ملک کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ دائر کریں گی تاہم انہوں نے اپنی پوسٹس میں عامر لیاقت کے ہیش ٹیگ کا استعمال کیا۔جب کہ عامر لیاقت کی بیٹی دعا عامر کیا بھی دانیہ ملک کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم میں درخواست جمع کرانے کے بعد موقف سامنے آ یا تھا۔ دعا عامر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ دانیہ کو سزا ملے،ہم نے پہلے ہی سوچ رکھا تھا کہ دانیہ کے خلاف کیس دائر کریں گے۔اب چونکہ وہ بیوی بن کر پوسٹ مارٹم کے کیس میں کودی ہے اس لیے ہمیں فوری ایکشن لینا پڑا۔امید ہے ایف آئی اے ایکشن لے گا ، ہم نے تمام ثبوت مہیا کر دئیے ہیں۔میں آپ سب سے یہی کہنا چاہتی ہوں کہ ہمیں دانیہ کے کیس میں اسی طرح سپورٹ دیں جیسے اب تک دیتے آئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close