عمران خان کو کون نااہل کروانا چاہتا ہے؟ فیصل واوڈا کے تہلکہ خیز انکشافات

اسلام آباد (پی این آئی) سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ لوگ آپ سے غلطیاں کرا کے نااہلی کے دروازے پر لے آئے،یہ غلطیاں انہوں نے آپ سے کروائی ہیں۔ فیصل واوڈا نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سر،سانپ اور کیڑے آپ سے غلطیاں کرا کر نا اہلی کے دروازے پر لے آئے،یہ غلطیاں انہوں نے آپ سے کروائی ہیں۔

پنجاب حکومت بھی نہیں گرے گی،آپ کو پتہ چل جائے گا اور بالفرض گر بھی گئی تو نظام پھر بھی چلتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حاصل حصول کچھ بھی نہیں ہو گا،ابھی بھی وقت ہے جھاڑو پھیرا تو بند گلی سے نکلنا نا ممکن ہو گا۔قبل ازیں عمران خان نے کہا کہ اسی مہینے اسمبلی تحلیل ہونے جا رہی ہے،20 دسمبر سے قبل اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ق لیگ اہم اتحادی ہے انہیں اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔مسلم لیگ ق اسمبلی تحلیل کے معاملے پر ایک پیج پر ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا۔ جبکہ عمران خان کی زیر صدارت ساہیوال، سرگودھا اور میانوالی کے اراکین اسمبلی کے ساتھ مشاورتی اجلاس ہوا۔اراکین نے اسمبلی تحلیل کے فیصلے کی توثیق کر دی۔

 

 

اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کے مطابق تمام اراکین اسمبلی نے فیصلے کی توثیق کی ہے۔علاوہ ازیں پنجاب کے سنیئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف نے لبرٹی چوک میں بڑے اجتماع کا فیصلہ کیا،اسمبلیوں کی تحلیل کی حتمی تاریخ کا اعلان لبرٹی چوک میں ہو گا۔جہاں سے حقیقی لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا وہیں اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا جائے گا۔تیاریاں آخری مراحل میں ہیں،لبرٹی چوک میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔ہم اسمبلیاں تحلیل کرنے کے لئے قرارداد کی طرف جا رہے ہیں۔ میری رائے ہے کہ اسمبلیاں جلد توڑ دی جائیں،اسمبلیاں تحلیل کرنا ہمارا مقصد نہیں بلکہ جلد انتخابات ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں