وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا سرکاری محکموں کے حوالے سے بڑا اعلان

لاہور (پی این آئی ) پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ آفس سمیت سرکاری محکموں کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اس دوران وزیراعلیٰ نے صوبے میں کفایت شعاری پالیسی پر عملدر آمد کیلئے ہدایات جاری کیں۔

 

جس کے تحت وزیراعلیٰ آفس سمیت تمام سرکاری محکموں کے نان ڈویلپمنٹ اخراجات میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا، سرکاری محکموں کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی عائد کردی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ چوہدری پرویزالہٰی نے پنجاب بھر میں سرکاری اراضی کامکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا اور ہدایت کی کہ سرکاری اراضی کی تفصیلات 7روز کے اندر وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائیں، سرکاری اراضی کو شفاف طریقے سے نیلام کرنے کیلئے جامع پالیسی تیار کی جائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے مقرر کردہ ٹارگٹ پورا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ محکمے ریونیو بڑھانے کیلئے منفرد انداز سے نئے اقدامات متعارف کرائیں، متعلقہ محکمے ریونیو کے ٹارگٹس کے حصول کیلئے دن رات ایک کردیں، صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

 

 

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے صوبے کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے سفارشات کا جائزہ لیا گیا، اس دوران چوہدری پرویز الٰہی نے کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے فیصلے کی منظوری دی۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے پنجاب کی کچی آبادیوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کچی آبادیوں کی تفصیلات وزیراعلیٰ آفس کو بھجوائی جائیں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا پلان بھی تیار کیا جائے۔ معلوم ہوا ہے کہ چوہدری پرویزالہٰی نے مالکانہ حقوق دینے کے لیے بورڈ آف ریونیو سے حتمی سفارشات طلب کرلی ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ 10 مرلے تک اراضی والے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیں گے، کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے تمام امور جلد طے کیے جائیں اور اس حوالے سے جلد از جلد تمام تر اقدامات کیے جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close