ملازمین کی تنخواہوں کے پیسے بھی نہیں ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے وفاق کے خلاف دھرنے کی دھمکی دے دی

پشاور (پی این آئی) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے صوبے کے معاملات چلانے کے لیے وفاقی حکومت سے فنڈز کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا دینے کی دھمکی دے دی ہے۔ پشاور سے جاری ہونے والے بیان میں محمود خان نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں کے پیسے نہیں ہیں، صحت کارڈ اور فاٹا کے پیسے بھی نہیں مل رہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے کے ترقیاتی کام بھی رک گئے ہیں، پی ایس ڈی پی کے سارے پروجیکٹ واش آؤٹ ہو گئے۔

محمود خان نے کہا کہ 55 ارب میں سے ابھی تک 5.5 ارب روپے ملے ہیں، وفاق سے اپنا حق مانگ رہے ہیں بھیک نہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کہا کہ وفاق نے سیلاب کی مد میں 10 ارب روپے کا وعدہ کیا تھا لیکن ایک پائی نہیں دی۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کسی بینک یا ادارے سے قرض بھی نہیں لینے دے رہی، اگر ہماری بات نہ سنی گئی تو دھرنا دیں گے، جس میں اپوزیشن بھی ساتھ آئے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں