الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان کو پھر بڑا جھٹکا دینے کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد (پی این آئی ) الیکشن کمیشن نے عمران خان کی پریس کانفرنس کا نوٹس لے لیا ہے اور پیمرا کو گزشتہ روز کی تقریر کا ٹرانسکرپٹ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

 

 

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی پریس کانفرنس کا نوٹس لیتے ہوئے پیمرا سے گزشتہ روز کی تقریر کا ٹرانسکرپٹ طلب کر لیا۔الیکشن کمیشن نے پیمرا کو آج ہی عمران خان کی تقریر کا ٹرانسکرپٹ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا تھا کہ ہمارے ساتھ پچھلے 7 مہینے میں جوہوا وہ کسی جمہوری ملک میں نہیں ہوتا،اگر مجھے نااہل کیا گیا تو الیکشن کمیشن کی مزید کوئی عزت نہیں رہے گی جو پہلے ہی ایک سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔الیکشن کمیشن کو اختیار ہی نہیں کہ مجھے نااہل قراردے،اگر میں پارٹی سربراہ نہیں رہا تو کیا مجھے ووٹ نہیں ملے گا؟عوام میرے ساتھ ہیں وہ چوروں کو ووٹ نہیں دیں گے۔

 

 

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سربراہ تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 5 کیسز ڈی لسٹ کر دئیے۔الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر کے لیے عمران خان کے خلاف یہ کیسز ڈی لسٹ کیے۔الیکشن کمیشن کے مطابق کیسز بینچ کی عدم دستیابی کے باعث ڈی لسٹ کیے گئے۔ڈی لسٹ کیے گئے کیسز میں پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ،عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روکنے کا کیس،عمران خان کو پارٹی چئیرمین شپ سے ہٹانے سے متعلق دو کیسز اور عمران خان کے انتخابی اخراجات جمع نہ کرانے سے متعلق کیس شامل ہے۔ ڈی لسٹ ہونے والے کیسز کی سماعت اب 20 دسمبر کو ہو گی۔ عمران خان کو پارٹی چیرمین شپ سے ہٹانے اورالیکشن کمیشن کے خلاف توہین آمیز اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے کے حوالے سے کیسز کی سماعت آج الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ہونا تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں