پنجاب کی سیاست میں بڑی ہلچل، ن لیگ نے اہم فیصلہ کرلیا

لاہور (پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کرلیا، پنجاب اسمبلی تحلیل کی صورت میں نواز شریف سے فوری آنے کی درخواست کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ن لیگ کے ممبران نے جلد الیکشن کی صورت میں قیادت کو تحفظات سے آگاہ کردیا جس کے تحت پنجاب اسمبلی تحلیل کی صورت میں نواز شریف سے فوری وطن واپس آنے کی درخواست کی جائے گی کیوں کہ مسلم لیگ ن کے پاکستان میں موجود رہنماؤں میں اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ جلد الیکشن کی صورت میں میاں نوازشریف یا مریم نواز وطن واپس آکر الیکشن مہم کا حصہ بنیں، نواز شریف کے پاکستان آنے پر لاہور ایئرپورٹ پر استقبال کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ن لیگ کے اراکین اسمبلی کہتے ہیں کہ الیکشن سے پہلے پیٹرول، بجلی اور دیگر اشیاء خورد و نوش میں عوام کو ریلیف دینا ہوگا، اس وقت بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے حلقوں میں دشواریاں پیدا ہوں گی کیوں کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے پی ٹی آئی اراکین کو ترقیاتی فنڈز جاری کیے جارہے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ وفاقی حکومت بھی اراکین اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جاری کرے، مرکزی قیادت پنجاب کا پارلیمانی اجلاس بلا کر ممبران اسمبلی کو اعتماد میں لے۔دوسری طرف وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی۔

چوہدری سالک حسین نے والد کا پیغام نوازشریف کو پہنچایا، چوہدری سالک حسین نے نوازشریف کو پنجاب کی صورتحال پر بریفنگ دی، اس حوالے سے چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ میاں صاحب سے کچھ پرانی باتیں بھی ہوئیں، نوازشریف سے درخواست کی ہے وطن واپس آئیں کیوں کہ ہر کسی کو پتہ ہے کیا معاملات چل رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close